عظمیٰ نیوز سروس
جموں// اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ کابینہ وزیر سردار منجیت سنگھ نے جموں میونسپل کارپوریشن کی طرف سے سدھڑہ کو ترقیاتی محاذپرنظر انداز کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔اپنی پارٹی لیڈران نے سدھڑ میں ایس سی/ایس ٹی بستی میں میٹنگ کا اہتمام کیا جس میں لوگوں کو درپیش متعدد ترقیاتی مسائل پر غوروخوض کیاگیا۔ اس میٹنگ کا اہتمام پارٹی ضلع صدر ایس سی ونگ جموں پورن چند راہی نے کیاتھا۔دوران ِ اجلاس لوگوں نے سابقہ وزیر کو نالیوں، راستوں کی خستہ حالی، نکاسی کے ناقص نظام، پینے کے صاف پانی کی عدم سپلائی اور بجلی غیر اعلانیہ کٹوتی مسائل بارے بتایا۔ انہوں نے شکایت کی بارہا متعلقہ حکام کی نوٹس میں یہ مسائل لائے گئے لیکن درج فہرست قبائل اور درج فہرست ذاتوں کی رہائشی بستیوں کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔لوگوں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے منجیت سنگھ نے کہاکہ بدقسمت آمیز ہے کہ انتظامیہ سدھڑہ علاقہ میں رہائش پزیر مکینوں کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہی جبکہ یہ علاقہ بھی جموں میونسپل کارپوریشن کے تحت آتا ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں میونسپل کارپوریشن ترقی کے نام پر خطیر رقومات حکومت سے حاصل کر رہی ہے لیکن اس کے باوجود سدھڑا کو نظر انداز کرنا انتہائی افسوس کن ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کو چاہئے کہ لوگوں کے ساتھ امتیاز نہ برتا جائے اور سبھی علاقوں میں یکساں ترقی کو یقینی بنایاجائے۔انہوں نے جموں وکشمیر میں فوری اسمبلی انتخابات کرانے کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری حکام عوام کے سامنے جوابدہ نہیں ، پالیسی سازوں کے ہاتھوں عام لوگ استحصال کا شکار ہیں کیونکہ جموں وکشمیر میں پچھلے چند سالوں سے منتخب حکومت نہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ عوامی حکومت ہی بیروکریسی کو جوابدہ بناسکتی ہے۔سابقہ وزیر نے کہاکہ اس وقت عوام اور حکومت کے درمیان وسیع خلا ء ہے۔ یکطرفہ فیصلے لیکر لوگوں کو زبردستی مسلط کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی قسم کے فیصلے لینے سے قبل عوامی نمائندگان بشمول کارپوریٹر، سرپنچوں، پنچوں سے صلاح ومشورہ کیاجانا چاہئے۔ جہاں تک سدھڑا کی ترقی کا سوال ہے، ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ جموں میونسپل کارپوریشن جان بوجھ کر ایس سی/ایس ٹی رہائشی بستیوں کو بنیادی سہولیات میں نظر انداز کیاجارہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ جموں وکشمیر میں جتنا جلدی ممکن ہوسکے اسمبلی انتخابات کرائے جائیں تاکہ دونوں خطوں میں لوگوں کے مسائل حل ہوسکیں۔انہوں نے کہاکہ لوگوں میں انتظامیہ کے تئیں دن بدن غصہ بڑھتا ہی جارہا ہے، لہٰذا ایک منتخب حکومت ہی اِن کے حقیقی مسائل کو بہتر ڈھنگ سے حل کرسکتی ہے۔