یو این آئی
نئی دہلی//مالی سال 2023-24 میں بزرگ شہریوں نے معیشت میں 3 فیصد حصہ داری کی ہے ۔ایک مطالعہ کے مطابق، مالی سال 2023-24میں، ہندوستانی بزرگ شہریوں نے 68 ارب ڈالر کی مزدوری کی ہے جو ہندوستان کی حقیقی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کا تین فیصد ہے ۔ یہ بزرگ لوگ ہر سال تقریباً 14 ارب گھنٹے خاندان کی دیکھ بھال میں اور 2.6 ارب گھنٹے کمیونٹی کے کاموں میں لگاتے ہیں۔ اگر خواہشمند بزرگ افراد کو افرادی قوت میں واپس لایا جائے تو ہندوستان کی جی ڈی پی میں 1.5 فیصد اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔تحقیق میں کہا گیا ہے کہ سال 2047 تک ہندوستان میں 30 کروڑ بزرگ شہری ہوں گے ۔ غیر سرکاری تنظیم روہنی نیلیکانی فلانتھروپیز نے منگل کے روز یہاں جاری رپورٹ میں کہا کہ اقتصادی تحفظ، صحت اور بہبود، شراکت کی آزادی اور سماجی روابط بوڑھے افراد کی کلیدی ضروریات میں شامل ہیں۔ تحقیق کے مطابق معاشرے کے جدید اور فلاحی اداروں سے وابستگی اپنا کر لمبی عمر کا دائرہ بڑھایا جا سکتا ہے ۔ معمر افراد کے لیے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے واسطے اختراعات کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے اور ڈیٹا، صلاحیت اور مدد میں موجود فرق کو دور کیا جانا چاہیے ۔ یہ مطالعہ ملک میں بزرگوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والی بڑی تنظیموں کی مدد سے کیا گیا ہے ۔