عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// گورنمنٹ ڈگری کالج گاندربل کے فزیکل ایجوکیشن اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے اپنی سالانہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے حصہ کے طور پر ہفتہ کو لڑکوں اور لڑکیوں کی سالانہ کالج روڈ ریس کا کامیاب انعقاد کیا۔ اس تقریب میں مختلف سمسٹروں کے طلبا کی پرجوش شرکت دیکھی گئی، جو ان کے اتھلیٹک جذبے اور صحت مند طرز زندگی کے لیے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔لڑکوں کی دوڑ کالج کے گیٹ سے، ڈانگر پورہ، تلمولہ سے شروع ہوئی اور پھر تقریباً 10 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے واپس کالج پہنچی جبکہ لڑکیوں کی ریس تلمولہ بس سٹینڈ سے شروع ہوئی اور 5 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے کالج گیٹ پر ختم ہوئی۔کالج کی پرنسپل پروفیسر فوزیہ فاطمہ نے لڑکوں اور لڑکیوں کی ریس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور فزیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جسمانی فٹنس کو فروغ دینے اور اس طرح کی تقریبات کے انعقاد سے طلبا کی غیر نصابی سرگرمیوں میں شرکت کی حوصلہ افزائی کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ریس کے اختتام کے بعد کالج میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں حصہ لینے والوں اور جیتنے والوں کو نوازا گیا۔ دونوں کیٹگریز میں ریس جیتنے والے کو 2500 روپے نقد انعام سے نوازا اور اگلی 10 پوزیشن ہولڈرز میں ٹرافیاں، میڈلز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔