سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کی صدارت میں کل افسران ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں جی پی پنتھ ہسپتال کے معاملات حل کرنے کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر ،کسٹوڈین جنرل جے اینڈ کے،یو ای ای ڈی اینڈمیکنیکل ڈیپارٹمنٹ کے چیف انجینئرس ،میڈیکل سپر انٹنڈنٹ جی پی پنت ہسپتال ،جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی،ایس پی ایسٹ،ایس پی ٹریفک اور ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر میڈیکل سپرانٹنڈنٹ نے صوبائی کمشنر کو جی پی پنتھ ہسپتال کے کئی مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔صوبائی کمشنر نے محکمہ پولیس کو ہسپتال کے لئے مزید ایس پی اووز کی تعیناتی کے احکامات صادر کئے تاکہ تیمارداروں کی بھاری بھیڑ پر قابو پایاجاسکے۔انہوںنے کسٹوڈین جنرل جے اینڈ کے اور متعلقہ تحصیلدارکو ہسپتا ل کے نزدیک مزید اراضی کی نشاندہی کرنے کے لئے کہا تاکہ اس اراضی کو ہسپتال کی پارکنگ کے لئے استعمال میں لایاجاسکے۔صوبائی کمشنر نے ہسپتال اور اس کے گردونواح میں قانونی ضوابط کے تحت کتوں کی بدعت پر بھی قابو پانے کی ہدایت دی۔انہوں نے ہسپتال میں ستمبر2017ء تک سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کا کام بھی مکمل کرنے کی ہدایت دی۔نرسنگ آرڈلیز اور سویپرس کے انٹرویو کے بارے میں صوبائی کمشنر نے کہا کہ وہ یہ معاملہ ترجیحی بنیادوں پر کمشنر سیکریٹری میڈیکل ایجوکیشن کے ساتھ اُٹھائیں گے۔