سرینگر //جی بی پنتھ ہسپتال کے باہر بدھ کو ایک فوجی گاڑی نے ایک آئی ٹن گاڑی کو ٹکر مار دی جس کے سبب گاڑی کو نقصان پہنچا۔ اس دوران اگرچہ وہاں موجود لوگوں اور گاڑی کے مالک نے فوج سے اُن کی غلطی تسلیم کرنے کو کہا تاہم فوجی اہلکاروں نے طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہاں موجود لوگوں کو دھکے مار کر کے بھگا دیا ۔مقامی لوگوں نے فورسز پر الزام عائد کیا کہ فوجی گاڑی زیر نمبر IIC089157N کو چلانے والے ڈارئیور کی غلطی سے آئی ٹین گاڑی کے بمپر ، لائٹ او ر کھڑکی کو نقصان پہنچا ہے ۔عینی شاہدین کاکہنا ہے کہ آئی ٹین گاڑی کے مالک نے فوجی اہلکاروں کو اس کا نقصان دینے کیلئے کہا تو ایسے میں فوجی اہلکارآگ بگولہ ہوگئے ۔اس دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد بھی وہاں جمع ہو گئی اور فوج کو اُن کی غلطی کا احساس دلانے کی کوشش کی تاہم لوگوں کی بھاری جمعیت کو دیکھتے ہوئے فوجی اہلکاروں نے نزدیکی فوجی کیمپ سی پی ڈبلو ڈی سے فوج کی بھاری نفری منگوا کر وہاں موجود لوگوں کو دھکے مار کر وہاں سے ہٹایا ۔اس دوران کار گاڑی کو رام منشی باغ پولیس سٹیشن پہنچایا گیا ۔