سرینگر//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے اعلان کیا ہے کہ جی بی پنتھ ہسپتا ل میں مریضوں کی سہولیت کے لئے ایک اضافی میڈیکل بلاک قائم کیا جائے گا۔وزیر نے یہ اعلان کل ہسپتال کا دور ہ کرنے کے دوران کیا ۔ اس موقعہ پر انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کر کے وہاں مریضوں کو دی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے پر زور دیا کہ وہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیا ت بہم کرائیں۔ہسپتال اِنتظامیہ کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کام کاج میں بہتر ی لانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے جانے چاہیئے۔بالی بھگت نے کہا کہ حکومت ہسپتال کو وسعت دینے کے امکانات پر غور کرے گی تاکہ مریضوں کے رَش کو کم کیا جاسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈویژنل کمشنر کشمیر کو پہلے ہی ہدایت دی جاچکی ہے کہ وہ ہسپتال کے نزدیک موجود دس کنال کسٹوڈین اراضی کو تفویض کر یں تاکہ وہاں اضافی بلاک قائم کیا جاسکے۔وزیر نے ضروریات سے متعلق ایک تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ پیش کرنے کی افسروں کو ہدایت دی۔ وزیرنے ہسپتال کاری ڈور میں تیمارداروں کے لئے گرمی کے خاطر خواہ انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔ اُنہوں نے کہا کہ لوگوں کو ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے سے کافی توقعات وابستہ ہیں لحاظ انہیں مشینری جذبے کے تحت اپنی خدمات انجام دینی چاہئیں۔پرنسپل جی ایم سی پروفیسر صائمہ رشید اور کئی دیگر افسران بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔