سمت بھارگو
راجوری //اتوار کے روز گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری کے نزدیک ایک بڑا حادثہ اس وقت ٹل گیا جب ایک مال بردار گاڑی قصبے کو ہسپتال سمیت درہال اور تھنہ منڈی سے جوڑنے والے کلورٹ پر پھنس گئی۔ گاڑی کا اگلا حصہ ہوا میں معلق دیکھ کر راہگیروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق گاڑی اوورلوڈ تھی جس کی وجہ سے ڈرائیور کو توازن برقرار رکھنے میں دشواری پیش آئی، اور پہلے سے ہی خراب کلورٹ پر یہ واقعہ پیش آیا۔ اس دوران حادثے کے اندیشے کے پیش نظر مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت راستے کو کچھ وقت کے لئے بند کر دیا اور ٹریفک معطل رہی۔مکینوںنے بارڈر روڈ آرگنائزیشن (بی آر او) پر شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کلورٹ کئی ماہ سے خستہ حالی کا شکار ہے لیکن ابھی تک مرمت کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ایک مشتعل مسافر نے کہاکہ ’یہ مقام موت کا جال بن چکا ہے مگر کوئی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں‘۔یہ جگہ مقامی تاجروں اور مکینوںکے لئے پہلے ہی تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل اسی مقام پر آنے والے تباہ کن سیلاب نے کھیورہ مارکیٹ میں بھاری مالی نقصان پہنچایا تھا، جس کے بعد اس کلورٹ کی مرمت اور مضبوطی کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔مقامی لوگوں نے ایک بار پھر انتظامیہ اور بی آر او سے فوری اقدامات کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مزید کسی بڑے حادثے سے پہلے ہی کلورٹ کی مرمت کو یقینی بنایا جائے۔