جی ایم سروڑی کی مہلوک پرویزاحمدکے لواحقین سے ملاقات

Mir Ajaz
2 Min Read

واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ملوثین کو سزا دینے کا مطالبہ

جموں//سینئر کانگریس لیڈر اور سابق وزیر جموں و کشمیر غلام محمد سروڑی نے جموں میں مرحوم محمد پرویز کے گھر جا کر اْن کے لواحقین سے ملاقات کی اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ غلام محمد سروڑی کے ہمراہ ضلع سچیت گڑھ کے ڈی ڈی سی رکن اور سینئر کانگریسی رہنما ترنجیت سنگھ ٹونی بھی موجود تھے۔غلام محمد سروڑی نے پرویز کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کو شہید قرار دیا اور اْن کی مغفرت و جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پرویز کا ناحق قتل ایک ناقابلِ برداشت سانحہ ہے، جس نے اہلِ خانہ کے دلوں کو چیر کر رکھ دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی نوکری یا معاوضہ اس ناقابلِ تلافی نقصان کا مداوا ہرگز نہیں ہو سکتا، تاہم یہ خاندان کی بقا کے لیے ایک وقتی سہارا بن سکتا ہے۔سروڑی نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار اہلکاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ جموں و کشمیر پولیس منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ وردی میں ملبوس افراد ہی بے گناہ نوجوانوں کو موت کے گھاٹ اتار رہے ہیں، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے۔

Share This Article