عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// کشمیر ٹریڈرز اینڈ مینوفیکچررز فیڈریشن (کے ٹی ایم ایف) نے پشمینہ شالوں پر گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) میں اضافہ کرنے سے گریز کرنے کے جی ایس ٹی گورننگ کونسل کے فیصلے کا گرمجوشی سے خیر مقدم کیا ہے۔ کے ٹی ایم ایف کے صدر محمد یاسین خان نے کہا کہ یہ فیصلہ روایتی پشمینہ صنعت سے وابستہ دستکاروں، تاجروں اور صنعت کاروں کے لیے ایک اہم راحت ہے، جو جموں و کشمیر میں بہت زیادہ ثقافتی اور اقتصادی اہمیت رکھتی ہے۔ کے ٹی ایم ایف کے صدر محمد یٰسین خان نے چند روز قبل پشمینہ شالوں پر جی ایس ٹی میں کسی بھی اضافے کے خلاف وکالت کی تھی اور اس ورثے کے دستکاری اور اس پر منحصر ہزاروں کاریگروں کی روزی روٹی پر ممکنہ منفی اثرات پر زور دیا تھا۔ خان نے کہا،’’KTMF نے حال ہی میں باقاعدگی سے اس تشویش کا اظہار کیا ہے، عالمی مارکیٹ میں پشمینہ کی سستی اور مسابقت کو برقرار رکھنے کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔ جی ایس ٹی کونسل کا یہ فیصلہ ہماری وراثتی صنعتوں کی حفاظت اور ان روایتوں کو زندہ رکھنے والے کاریگروں کی حمایت کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ہم شکر گزار ہیں کہ ہماری مسلسل کوششوں اور وکالت نے اس نتیجے میں حصہ ڈالا ہے‘‘۔