بیک وقت سرینگر، بڈگام اور اننت ناگ میںچھاپے ،کاروباری دستاویزات ضبط
سرینگر// کمشنر اسٹیٹ ٹیکس جموں وکشمیرکی ہدایت پر ریاستی ٹیکس محکمہ کشمیر نے پورے کشمیر صوبے میں بڑے پیمانے پر جانچ مہم شروع کرکے فروخت کی مقدار چھپانے اور ٹیکس چوری میں ملوث ٹیکس دہندگان کے خلاف اپنی نفاذی کوششوں کو تیز کردیا ہے۔جدید ترین مصنوعی ذہانت آلہ جات جیسے بزنس انٹیلی جنس اینڈ فراڈ اینالیٹکس (BIFA)، ای وے بلز پورٹل، فیلڈ انفورسمنٹ ٹیموں، محکمے کے مختلف شعبوںسے موصول ہونے والی معلومات اور ٹیکس دہندگان کی وسیع جانچ پڑتال کے ذریعے حاصل کردہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر محکمہ، ایڈیشنل کمشنر، اسٹیٹ ٹیکسز (انفورسمنٹ، کشمیر)کے زیر نگرانی وادی کے سری نگر، بڈگام اور اننت ناگ اضلاع میں اپنی نوعیت کی پہلی بڑی جانچ، تلاشی اور ضبطی مہم چلائی۔ ایڈیشنل کمشنر کی طرف سے تشکیل کردہ 70 سے زائد اہلکاروں پر مشتمل آٹھ ٹیموں نے بیک وقت سری نگر، بڈگام اور اننت ناگ میں متعدد کاروباری اداروں کا معائنہ کیا، دستاویزات، اسٹاک رجسٹر، بل بک اور جی ایس ٹی کی خلاف ورزیوں کا پتہ لگانے کے لیے فزیکل اسٹاک پوزیشنوں کی تصدیق کی۔ مزید تفتیش کے لیے متعدد دستاویزات قبضے میں لے لی گئیں۔ مہم کا مقصد جعلی ان پٹ ٹیکس کریڈٹ (آئی ٹی سی)، جان بوجھ کر ٹیکس چوری، ٹیکس فراڈ، جعلی انوائسنگ، اور جی ایس ٹی دفعات کی عدم تعمیل سمیت دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کو روکنا ہے جس کا مقصد ریاستی خزانے کی آمدنی کو محفوظ کرنا ہے۔ریاستی ٹیکس افسران کی قیادت میںنفاذ کی کارروائی پر بات کرتے ہوئے، ایڈیشنل کمشنر پرویز احمد رینا (JKAS) نے کہاکہ “یہ معائنے ہماری جاری نفاذی سرگرمیوں کا حصہ ہیں۔ 70 سے زائد اہلکاروں پر مشتمل آٹھ ٹیمیں صوبے بھر میں ان انسپکشنز کو انجام دینے کے لیے تعینات کی گئی ہیں، جو سیلز کو دبانے، جعلی ITC کلیمز، اور دھوکہ دہی پر مبنی انوائسنگ میں ملوث ڈیلرز کو نشانہ بناتے ہیں۔