دوارکا// وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی)کے بارے میں کل کئے گئے فیصلوں سے ایسا لگتا ہے کہ دیوالی پندرہ دن پہلے ہی آگئی ہے ۔ مسٹر مودی نے آج یہاں ایک پروگرام کے دوران کہاکہ ان کی حکومت نے اس آسان ٹیکس نظام کو مزید آسان بنانے کی کوشش کی ہے ۔ اس سے چاروں طرف دیوالی جیسا ماحول بن گیا ہے ۔اخبارات میں بھی پندرہ دن پہلے ہی دیوالی آنے کی سرخیاں بنائی گئی ہیں۔ انہوں نے پہلے ہی کہا تھا کہ جی ایس ٹی نافذ کرنے کے بعدتین مہینہ اس کا جائزہ لیا جائے گا اور جہاں بھی نظام، شرح، تکنیک اور کاروباریوں کو پریشانیاں آئیں گی انہیں دور کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ وہ نہیں چاہتے کہ ملک کے کاروباری لال فیتا شاہی ، فائلوں اور بابو¶ں و صاحبوں کے چکر لگائیں اس لئے وزیر خزانہ نے کل جی ایس ٹی کونسل میں سب کو رضامند کرکے اہم فیصلے کئے جن کا پورے ملک میں ایک آواز میں استقبال کیا گیا۔ خیال رہے کہ جی ایس ٹی کونسل نے کل اس معاملہ میں آسانی سمیت کئی اشیا کی ٹیکس شرح میں کمی کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس معاملہ میں مودی حکومت کی سخت تنقید کی جارہی تھی۔ یو این آئی