نئی دہلی//اشیاء اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کے تحت رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھ کر 95 لاکھ کے تقریباً پہنچ گئی ہے اور وقت پر ریٹرن داخل کرنے والوں کی کے فیصد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج یہاں جی ایس ٹی کونسل کی تیسویں میٹنگ کے بعد بتایا کہ گذشتہ سال جولائی میں جی ایس ٹی کے تحت رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کی تعداد 7461214 تھی جو بڑھ کر اس سال جولائی میں 9470282 ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ جولائی 2017 کے لئے 51.40 فیصد ٹیکس دہندگان نے مقررہ تاریخ کے اندر ریٹرن داخل کیا تھا وہیں اس سال جولائی کے لئے 67.99فیصد ٹیکس دہندگان نے ریٹرن داخل کیا ہے ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق رواں مالی سال میں اپریل کے لئے 63.95 فیصد ، مئی کے لئے 61.60فیصد اور جون کے لئے 62.67فیصد ٹیکس دہندگان نے وقت پر جی ایس ٹی ریٹرن داخل کیا تھا۔یو این آئی