جموں//مرکزی زیرانتظام جموں کشمیر میں ایک مثبت پیش رفت کے طور جی ایس ٹی کی وصولی میں مالی سال 2020-21 کے دوران غیرمعمولی اضافہ دیکھنے کوملا ہے،باوجودیکہ مالی سال کے ابتدائی مہینوں میں کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے مشکلات تھیں ،جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہاں تجارتی اور اقتصادی سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق جموں کشمیرمیں مالی سال2020-21کے دوران سال 2019-20کے مقابلے میں 4890.35 کروڑروپے جی ایس ٹی وصول ہواجبکہ اس سے پہلے کے مالی سال میںیہ 4750.60 کروڑ روپے تھا،جو2.94فیصدمثبت اضافہ کوظاہر کرتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ یہ اپریل،مئی اور جون میں گراوٹ تھی جب صرف 68.36کروڑ ،163.71 کروڑ اور 420.23روپے جی ایس ٹی بالترتیب وصول ہوا تھا۔یہ بات بھی قابل غور ہے کہ سال 2019کے اپریل ،مئی اور جون مہینوں میں جی ایس ٹی 521.69کروڑروپے، 393.55 کروڑ روپے اور420.23کروڑ روپے بالترتیب وصول ہوا تھا۔وباء کے باوجود جی ایس ٹی آمدن میں مالی سال کے دوسرے نصف میں مثبت اضافہ ہوا۔اس کی وجوہات میں حکومت کی طرف سے کئے گئے متعدداقدامات کے علاوہ ستمبر2020 مہینے میں تجارت کوفروغ دینے کیلئے امدادی پیکیج کااعلان بھی شامل ہے۔سٹیٹ ٹیکس محکمے کی موثر نگرانی نے بھی ٹیکس چور ی پر روک لگانے میں حکومت کی مدد کی۔اسی طرح موٹرسپرٹ اور ڈیزل وصولیابی کے مد میں بھی مالی سال2020-21میں جموں کشمیرمیں 1459.89کروڑروپے وصول ہوئے جبکہ اس سے پہلے کے سال میں 1421.69 کروڑروپے وصول ہوئے تھے،جو2.71 فیصد کا مثبت اضافہ ہے۔اسٹامپ اوررجسٹریشن کلکشن کے مدمیں بھی 268.29کروڑروپے وصول ہوئے جو اس سے پہلے کے برس میں289.13کروڑ روپے تھے۔مجموعی طورمالی سال2020-21کے دوران 6618.53 کروڑ روپے ٹیکسوں سے وصول ہوئے جبکہ سال2019-20میں6472.24 کروڑ روپے وصول ہوئے تھے جو مجموعی طور2.26فیصد کے مثبت مالی آمدن اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔