جموں //وزیر برائے خوراک ، شہری رسادات ، امور صارفین و اطلاعات چودھری ذوالفقار علی نے کل لیگل میٹرالوجی محکمہ کو عوامی شکایات ازالہ میکنزم کو مستحکم بنانے اور ریاست میں ایز آف ڈوئینگ بزنس کو فروغ دینے کیلئے آن لائین خدمات فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر رواں مالی سال کے پہلی سہ ماہی کے ضلع وار طبعی و مالی حصولیابیوں کا جائیزہ لینے کیلئے طلب کی گئی میٹنگ میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ فارم اپ لوڈ کرنے ، فیس کی ادائیگی کے علاوہ صارفین کیلئے مختلف خدمات بشمول شکایت کا اندراج اور عمل آوری رپورٹ کیلئے آن لائین نظام کے قیام سے تمام متعلقین کیلئے معاون ثابت ہوں گے ۔ محکمہ لیگل میٹرالوجی کو صارفین کے حقوق کا محافظ قرار دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ محکمہ کو بددیانت تاجروں پر جی ایس ٹی نظام کو مکمل طور لاگو کرنے تک کڑی نگاہ رکھنی ہو گی ۔ دریں اثنا میٹنگ کو محکمہ کی جانب سے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران صارفین کے مفادات کے تحفظ کیلئے ریونیو کے حصول اور اچانک معائینوں کے بارے میں تفصیل دی گئی ۔ وزیر نے تیل خاکی ٹینکروں کا معقول معائینہ کرنے کی ہدایت دی اور ترازو کو قواعد و ضوابط کے تحت پیمانہ بندی کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے ڈائریکٹر خوراک ، شہری رسادات و عوامی تقسیم کاری کو تیل خاکی لے جانے والی گاڑیوں کے نقل و حمل کے بارے میں ایل ایم ڈی کو جانکاری دینے کی ہدایت دی ۔ محکمہ کو ضلع وار جانکاری پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ان پروگراموں میں تمام متعلقین کو شامل کیا جانا چاہئیے تا کہ صارفین ان سے مستفید ہو سکیں ۔ انہوں نے شکایات کے اندراج کیلئے ٹول فری نمبرات اور محکمہ کی حصولیابیوں کو بہتر طور مشتہر کرنے پر بھی زور دیا ۔ وزیر نے رسوئی گیس سلینڈروں کی ہوم ڈیلوری کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کیں اور اسسٹنٹ کنٹرولروں کو متعلقہ علاقوں میں اس عمل کی معقول نگرانی کرنے کیلئے کہا ۔ ڈائریکٹر خوراک ، شہری رسادات و امور صارفین ، جوائنٹ کنٹرولر ایل ایم ڈی ، کنٹرولر ، اسسٹنٹ کنٹرولر ، انسپکٹر اور محکمہ کے دیگر افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔