سرینگر//جی ایس ٹی تنازعہ سے مال بردار گاڑیوں کے کاروبار پر منفی اثرات کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے گڈس ٹرانسپورٹ کمپنیز ایسو سی ایشن نے امید ظاہر کہ بہت جلد یہ معاملہ حکومت اور تاجروں کے درمیان حل ہوگا۔سرینگر میں کشمیر گڈس اینڈ ٹرانسپورٹ کمپنز ایسوسی ایشن کی ایک میٹنگ صدر محمد صدیق رونگہ کی صدارت میں منعقد ہوئی جس کے دوران جی ایس ٹی کے اطلاق پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ ٹرانسپوٹروں پر براہ راست جی ایس ٹی کا اطلاق نہیں ہوگا،اس لئے تاجروں اور حکومت کے درمیان جو بھی طے پائے گا،گڈس ٹرانسپورٹ بھی اسی فیصلے کی توثیق کرے گی۔میٹنگ کے دوران تاجروں اور کاروباریوں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ غلط اعلامیہ(رانگ ڈکلریشن) یا قیمتوں سے کم(انڈر ویلیو) مال کمپنیوں کو نہ دیں کیونکہ اگر کسی بھی ٹرانسپورٹر کی گاڑی کو اس سلسلے میں ضبط کیا گیا تو اس کی ذمہ داری مذکورہ تاجر پر ہی عائد ہوگی۔اس دوران میٹنگ میں اس بات کا فیصلہ لیا گیا کہ ایسو سی ایشن کے انتخابات کو3ماہ تک ملتوی کیا جائے،کیونکہ جب تک جی ایس ٹی کا تنازعہ حل نہیں ہوتا،تب تک انتخابات کرانا ناممکن ہے۔