سرینگر// جموں و کشمیر کارڈنیشن کمیٹی(جے کے سی سی) نے ریاستی حکومت کوچیلنج کیا ہے کہ وہ ریاست کی مالی خود مختاری کے ساتھ کی گئی سودا بازی کے بارے میں کھلے عام بحث منعقد کرائے۔ کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاستی حکومت اور جے کے سی سی ممبران کے درمیان کھلے عام ،عوام اور میڈیا کے سامنے بحث کرائی جائے۔ جے کے سی سی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جیسے یہ بات پہلے ہی میڈیا کے ذریعے عوام کے سامنے لائی گئی ہے کہ جموں و کشمیر میں جلدبازی اور دھوکہ دہی سے جی ایس ٹی کا اطلاق ریاستی کی مالی خود مختاری کے منافی ہے اور یہ ریاست اور بھارت کے ساتھ الحاق کی دفعہ 370کے منافی بھی ہے۔ جے کے سی سی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دن بہ دن یہ بات سچ ثابت ہورہی ہے کہ ریاستی حکومت نے ریاست کی خود مختاری اور قانون اختیارات کو دائو پر لگا کر بھارتی آئین کی ترمیم لاگو کرنے پر رضامند ظاہر کی ہے ،جو ویسے بھی انکے حد اختیار میں نہیں تھا۔ جے کے سی سی نے بیان میں کہا ہے کہ ریاستی سرکار کو لوگوں کے سامنے اس بات کی وضاحت کرنے چاہئے کہ حکومت نے ایسے قانون کو نافذ کیوں کیا جوریاست کی خود مختاری کو ختم کرتا ہے جبکہ اسکے پاس دیگر سفارشات بھی موجود تھیں۔