نئی دہلی // وزیر اعظم نریندر مودی نے اشیاءو سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) کو ملک کے سب سے بڑے ٹیکس سدھار کے ساتھ اقتصادی اور سماجی سدھار قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ غریبوں کے مفاد میں سب سے موثر نظام ہوگا۔ مسٹر مودی نے پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں اب تک کے سب سے بڑے بالواسطہ ٹیکس سدھار کی شروعات کے موقع پر کہاکہ اس سے کالا دھن اور بدعنوانی روکنے کا موقع ملے گا، اس سے ٹیکس دہشت گردی اور انسپکٹر راج ختم ہوگا اور نئے انتظام کے کلچر کی شروعات ہوگی۔ جی ایس ٹی کو معاون وفاقیت کی مثال اور ٹیم انڈیا کو کوشش کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسے نافذ کرنے سے پہلے طویل طریقہ کار کے دوران کئی طرح کے شک و شبہات رہے،ریاستوں کے کئی سوال رہے جنہیں انتہائی کوشش سے دور کیا گیا۔جی ایس ٹی کو اقتصادی انضمام کا اہم کام اور ملک کا جدید ترین ٹیکس نظام قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس سے 500 طرح کے ٹیکسوں سے نجات مل رہی ہے۔ اس سے ’ایک ملک، ایک ٹیکس‘ کا ہمارا خواب پورا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جی ایس ٹی ’گڈس اینڈ سروسز‘ ٹیکس سے آگے ’گڈ اینڈ سمپل‘ ٹیکس ہے۔ وزیر اعظم نے جی ایس ٹی کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے خدشات کے بارے میں کہاکہ اب افواہوں کا بازار بند ہونا چاہئے اور غریبوں کی بھلائی کیلئے کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ نئے نظام سے عام آدمی پر کوئی بوجھ بڑھنے کا امکان نہیں ہے، بلکہ یہ غریبوں کے مفاد کیلئے ایک موثر نظام ہے۔انہوں نے جی ایس ٹی کو ایک ایسا ذریعہ بتایا جو ملک کی تجارت کی نابرابری کو ختم کرے گا اور برآمدگی اور سرمایہ کاری میں مددگا ر ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح چند کلومیٹر کے دائرے میں دہلی، نوئڈا اور گرو گرام میں ایک ہی سامان کی قیمت الگ الگ ہونے سے عام آدمی کیلئے پریشانی کی صورتحال رہتی تھی، اسی طرح غیرملکی سرمایہ کاروں کو بھی ریاستوں میں الگ الگ ٹیکس کی وجہ سے گو مگو کی حالت رہتی تھی ، جی ایس ٹی سے صورتحال بدل جائے گی۔مسٹر مودی نے جی ایس ٹی کو قدرتی وسائل سے بھرپور لیکن اقتصادی نقطہ نظر سے کمزور، خصوصاً ملک کے مشرقی حصہ کی ریاستوں کیلئے سب سے بڑا موقع قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ جس طرح سردار پٹیل نے آزادی کے وقت سینکڑوں ریاستوں کو ملا کر ملک کو ایک کرنے کا کام کیا تھا اسی طرح جی ایس ٹی سے ملک کے اقتصادی انضمام کا اہم کام ہوا ہے۔ انہوں نے تاجروں کو بھی یقین دہانی کرائی کہ جی ایس ٹی میں افسرشاہی کیلئے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ اس کا پورا امکان ہے کہ ایماندار تاجر افسروں کے ہاتھوں پریشان نہیں ہوں گے۔ انہوں نے تاجروں سے جی ایس ٹی کا فائدہ عام آدمی کے دینے کی اپیل کی۔