سرینگر//ریاست کے کاروباریوں ، تاجروں اور صنعت کاروں کو راحت دیتے ہوئے گورنر کے مشیر بی بی وِیاس نے جی ایس ٹی ایمنسٹی سکیم کو مزید 30روز تک بڑھانے کا اعلان کیا۔ مشیر موصوف نے یہ فیصلہ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران لیا۔ تاجر برداری نے جی ایس ٹی ایمنسٹی میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا اور آج اسی سلسلے میں بی بی وِیاس کے ساتھ ملاقات کی۔حکومت نے اس سے قبل 5؍ فروری 2018ء کو بھی ایک حکمنامہ زیر نمبر 39-FD of 2018 جاری کیا تھا اور آج تاجروں کی درخواست پر اس سکیم کو مزید 30روز تک توسیع دینے کا اعلان کیا۔چیمبر کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کے دوران بی بی وِیاس نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم کو توسیع دینے کا مقصد التوأ میں پڑے معاملات کو حل کرنے اور جی ایس ٹی کی مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس قبل جن تاجروں نے ایمنسٹی کی توسیع سے فائدہ نہیں لیا تھا انہیں اب کی بار ا س سے مستفید ہونے کا موقعہ ملے گا۔