جموں//سی پی آئی ایم کے سینئر رہنما و ممبراسمبلی محمد یوسف تاریگامی نے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ جی ایس ٹی اور نوٹ بندی نے لوگوں کی معاشی حالت کو کمزور بنایا اور حکومت کے دعوئوں کے برعکس نہ ہی کرپشن ختم ہوئی اور نہ ہی کالابازاری ،مگر اس سے روزگار چھن گیا ۔ ان کاکہناتھاکہ جی ایس ٹی کونافذ کرتے وقت بڑے بڑے دعوے کئے گئے مگر یہ ریاست کے لوگوں پر ایک بوجھ بن گیااوراس نے وفاقی ڈھانچے کو بھی کمزور کیا ۔ تاریگامی نے کہاکہ اس کی وجہ سے عام شہریوں ، چھوٹے کاروباریوں ، تاجروں اور غیر منظم سیکٹر کو متاثر ہوناپڑا جبکہ زرعی اور اس سے جڑے سیکٹر بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس سے قیمتوں میں بھی اضافہ ہواہے ۔انہوںنے کہاکہ ریاستی معیشت کی ترقی کیلئے جو تخمینہ لگایاگیاہے اس کے مطابق 2018-19میں 6.9فیصد ترقی ہوگی جو8.5فیصد 2017-18کے تخمینہ سے بھی کم ہے ۔انہوںنے کہاکہ گورنر کے خطبے میں بھی یہ اعتراف کیاگیاہے کہ زراعت اور اس سے جڑے شعبے ترقی میں پیچھے جارہے ہیں تاہم بجٹ میں ان شعبوں کی ترقی کیلئے کوئی تجویز نہیں رکھی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ زرعی شعبہ چاہے فصلیں ہوں ، اینمل ہسبنڈری ہو ، ہارٹی کلچر ہو ، زعفران یا ماہی پروری ہو سب کو حکومت نے نظرانداز کردیاہے جس سے ریاست کے کسانوں میں سخت مایوسی پائی جارہی ہے اور انہیں قرضوں کی صورت میں امداد فراہم کرنے کیلئے بھی کوئی تجویز نہیں رکھی گئی ۔انہوںنے کہاکہ ترقی کیسے ہوگی جب کہ ہم آج بھی گوشت ، مچھلی ، پولٹری ، دودھ وغیرہ دوسری ریاستوں سے لاتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ موسمی حالات سے متاثر ہونے والے کسانوں کو خصوصی پیکیج دیاجائے اوراس شعبے سے جڑے لوگوںکے مسائل حل کئے جائیں ۔ تاریگامی نے کہاکہ ہینڈی کرافٹ کا شعبہ تو دم توڑ رہاہے اور اس سے جڑے افراد بے یارو مددگار ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ان افراد کیلئے ایک بورڈ تشکیل دیاجاناچاہئے ۔سی پی آئی ایم رہنما نے کہاکہ بزرگ ، بیوائوں اور معذوروں ومیریج امداد کے ہزاروں پنشن کیس زیر التوا پڑے ہوئے ہیں جن کو نمٹانے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہاکہ آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کے مشاہرے میں پانچ سو روپے بڑھانے کا اعلان کیاگیاتھاتاہم اس بجٹ میں اس حوالے سے بھی کوئی تجویز نہیں رکھی گئی ۔انہوںنے کہاکہ یہاں مڈ ڈے میل سکیم کو کامیاب بنانے کیلئے کیرالہ اور تامل ناڈو کی طرز پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے بینکنگ سیکٹر پر بھی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔