قیمتوں میں کمی اورعوامی بچت میں اضافی یقینی بنائیں:چیف سیکریٹری
سرینگر/// چیف سیکر ٹری اتل ڈلو نے جموں و کشمیر میں جی ایس ٹی 2.0 اِصلاحات کی عمل آوری کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ان اصلاحات کا مقصد ٹیکس کی شرحوں میں کمی سے حاصل ہونے والے فوائد بالخصوص زِندگی بچانے والی اَدویات اور ضروری اشیأ پر براہِ راست صارفین تک پہنچانا ہے تاکہ اشیأ کی قیمتوں میں کمی اور عوامی بچت میں اِضافہ یقینی بنایا جا سکے۔چیف سیکرٹری نے سٹیٹ ٹیکسز، لیگل میٹرالوجی،صنعت و حرفت اور ڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن (ڈِی ایف سی او) کی طرف سے کی جا رہی عمل آوری اور نگرانی کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے مارکیٹ میں سخت معائنوں اور عوامی بیداری مہمات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ٹیکس میں کمی کے فوائد صارفین تک پہنچیں اور تاجروں کی ناجائز منافع خوری سے بچا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی 2.0 اِصلاحات کا بنیادی مقصدمنافع خوری کے خلاف فریم ورک کو مضبوط بنانا، گھریلو بچت میں اِضافہ کرنا اور صحت و ضروری اشیأ کولوگوںکے لئے مزید قابلِ برداشت بنانا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یہ ہماری اوّلین ذِمہ داری ہے کہ ان مقاصد کو ہر حال میں پورا کیا جائے۔پرنسپل سیکرٹری فائنانس سنتوش دی ویدیا نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ 3 ستمبر 2025ء کو منعقدہ 56ویں جی ایس ٹی کونسل میٹنگ کی سفارشات کے بعد نئی جی ایس ٹی شرحیں 22 ستمبر 2025ء سے لاگو ہوئیں۔انہوں نے بتایا کہ جے اینڈ کے نظر ثانی شدہ ٹیکس کی شرحوں کو فعال کرنے کے لئے جے اینڈ کے جی ایس ٹی ایکٹ کے تحت فوری طور پر نو متعلقہ نوٹیفیکیشن جاری کئے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد مینوفیکچررز کو اپنی زیادہ سے زیادہ ایم آر پی قیمتیں ازسرِ نو مقرر کرنے کا پابند بنانا تھا تاکہ منافع خوری مخالف دفعات پر مؤثر عمل درآمد ہو۔کمشنر سیکرٹری خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین سوربھ بھگت نے بتایا کہ لیگل میٹرالوجی ڈیپارٹمنٹ نے جموںوکشمیر یوٹی کے تمام اَضلاع میں 3,304 معائینے کئے تاکہ زائد قیمت وصولی روکی جا سکے اور پیک شدہ اشیاء کی درست قیمت یقینی بنائی جا سکے۔اس مہم کے دوران 135 خلاف ورزیوں کے کیس درج ہوئے جن میں سے 82 کیس موقع پر ہی نمٹائے گئے اور غلطی کے مرتکب تاجروں پر 11.84 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔اسی دوران سٹیٹ ٹیکسز ڈیپارٹمنٹ نے انوائس جاری نہ کرنے یا ٹیکس کی غلط ادائیگی جیسے معاملات میں 28 نوٹس جاری کئے جن میں کل 5.60 لاکھ روپے کے جرمانے تجویز کئے گئے۔