یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرحوں میں تبدیلیوں کو اگلی نسل کی اصلاحات قرار دیتے ہوئے اسے غریبوں، نوجوانوں، کسانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے مودی حکومت کے مشن میں ایک تاریخی قدم قرار دیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر پوسٹس کی ایک سیریز میں مسٹر شاہ نے کہا کہ جی ایس ٹی ڈھانچے میں جامع تبدیلیوں سے روزمرہ کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی اور ہندوستان کو دنیا کا سب سے خوشحال ملک بننے کی طرف راغب کریں گے ۔مسٹر شاہ نے کہاکہ “اگلی نسل کی جی ایس ٹی اصلاحات غریبوں، نوجوانوں، کسانوں اور خواتین کی خدمت کرنے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے عزم کا ثبوت ہیں۔ نئی اصلاحات، مختلف اشیاء پر جی ایس ٹی کی شرحوں میں نمایاں کمی کے ساتھ، ان کے اخراجات کو مزید کم کریں گی اور دنیا کا سب سے خوشحال ملک بننے کے راستے پر ہندوستان کی ترقی کو تیز کریں گی۔” وسیع تر معاشی اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ یہ اصلاحات نہ صرف صارفین پر بوجھ کم کر رہی ہیں بلکہ متوسط طبقے کے لیے مزید مواقع بھی پیدا کر رہی ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ ”مودی حکومت متوسط طبقے کے لیے بے شمار مواقع کھول کر اور جی ایس ٹی اصلاحات کے ذریعے ان کی بچتوں میں مسلسل اضافہ کو یقینی بنا کر ان کی آمدنی میں اضافہ کر رہی ہے ۔” انہوں نے مزید کہاکہ “روز مرہ کی ضروریات، صحت کی دیکھ بھال، الیکٹرانک آلات، اور تعلیم سے متعلقہ اشیاء پر جی ایس ٹی کی شرح میں نمایاں کمی کی وجہ سے خرچ کرنے کی اہلیت میں اضافہ ہوگا اور انہیں مزید بچت کرنے کی ترغیب دے گی۔”