عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے جی ایس ٹی اصلاحات کو عوام کیلئے سود مند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ توقع ہے اس سے گھریلو کھپت میں اضافہ ہوگا اور معیشت کو تقویت ملے گی۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے تقریبا آٹھ ماہ قبل ان سے رابطہ کیا تھا اور پوچھا تھا کہ جی ایس ٹی کو کیسے دوبارہ ڈیزائن کیا جا سکتا ہے۔ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں سیتا رمن نے کہاکہ حکومت کا مقصد صنعت کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات کو فروغ دینا اور مینوفیکچرنگ سیکٹر کو مضبوط کرنا ہے۔ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو آسان قرضے اور ٹیکس میں چھوٹ دے کر ان کی مسابقت بڑھانے کا منصوبہ بھی تیار کیا جا رہا ہے۔سیتا رمن نے کہا کہ نئی اصلاحات ٹیکس سلیب کو آسان بناتی ہیں، تعمیل کی رسموں کو کم کرتی ہیں اور صارفین کیلئے بچت بڑھانے پر توجہ مرکوز کرتی ہیں۔ اس تبدیلی کا مقصد شہریوں کی جیبوں میں زیادہ پیسہ چھوڑنا اور کاروبار کو وسعت دینے کے بہتر مواقع پیدا کرنا ہے۔جی ایس ٹی میٹنگ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ میٹنگ اصل میں دو دن کی تھی لیکن یہ صرف ایک دن میں مکمل ہو گئی۔ یہ اس وقت ہوا جب بہت سی ریاستوں نے میٹنگ شروع ہونے سے پہلے ممکنہ آمدنی کے نقصان کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا۔وزیر خزانہ نے کہاکہ ہر شے جو جی ایس ٹی کے تحت آتی ہے، خواہ وہ سامان ہو یا خدمات، اس کا گہرائی سے مطالعہ کیا جانا چاہیے۔ ہمیں یہ دیکھنے کے لیے دوبارہ منظم کرنا پڑا کہ شہری روزانہ کی بنیاد پر کون سی اشیا استعمال کرتے ہیں اور کون سی اشیا کسانوں اور متوسط طبقے کو متاثر کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی 2.0 کا بنیادی فوکس کسانوں اور متوسط طبقے کے ذریعہ استعمال ہونے والی اشیا کا جائزہ لے کر ان پر ٹیکس کے بوجھ کو کم کرنا ہے۔