سرینگر// جی او سی15 کارپس کے لیفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ ، فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کرشن ولبھ اگروال اورکشمیر یونیورسٹی ٹیچرس ایسوسی ایشن کے چار ممبران پر مشتمل ایک ڈیلی گیشن نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران جی او سی نے انہیں مجموعی سیکورٹی صورتحال سے آگاہ کیا۔گورنر اور لیفٹنٹ جنرل بھٹ نے28 جون2018 سے شروع ہونے والی امر ناتھ یاترا کے سلسلے میں کئے جارہے سیکورٹی انتظامات کا جائیزہ لیا۔گورنر نے کہا کہ وہ23 مئی2018 ء کو یاترا سیکورٹی کی جائیزہ میٹنگ طلب کریں گی جس میں سول، پولیس، سینٹرل آرمڈ پولیس، فوج اور ریاستی و مرکزی سراغرساں ایجنسیوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔دریں اثنا گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولا اور شرائین بورڈ کے سی سی او جی او سی وکٹر فورس جو اپریشن شِوا کے ذمہ داری نبھاتے ہیں ، کے ساتھ میٹنگ منعقد کریں گے۔ادھر کرشن ولبھ اگروال نے گورنر کو کٹرہ قصبہ میں جاری ترقیاتی سکیموں اور پروجیکٹوں کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے کہا کہ کٹرہ قصبہ کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے کے لئے لازمی ہے کہ تمام ایجنسیاں اور محکمے باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر اُمنگ نرولا بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس دوران کشمیر یونیورسٹی ٹیچرس ایسوسی ایشن کے چار ممبران پر مشتمل ایک ڈیلی گیشن نے اپنے صدر ڈاکٹر محیط احمد بٹ کی قیادت میں گورنر کے ساتھ ملاقات کی۔ ڈیلی گیشن نے یونیورسٹی آف کشمیر سے متعلق کئی اہم معاملات پر مبنی ایک یاداشت گورنر کو پیش کی جس میں نئے وائس چانسلر کے انتخاب کا عمل اور وائس چانسلر کی کارکردگی کی نگرانی کرنے کے لئے کمیٹی کی تشکیل شامل تھی۔گورنر نے ڈیلی گیشن کو یقین دلایا کہ اُن کے تمام جائیز مسائل پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے فکیلٹی ممبران، ڈینز اور وائس چانسلر کی اعلیٰ ذمہ داریوں پر زور دیا اورکہا کہ وہ طُلاب کی بہبودی اور ان کے مسائل حل کرنے کے لئے پیش پیش رہیں۔