سمت بھارگو
راجوری //جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) وائٹ نائٹ کور، لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے جمعرات کے روز چناب ویلی کے بھدرواہ اور پیر پنچال ریجن کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے سرحدی علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینا اور آپریشنل تیاریوں کا معائنہ کرنا تھا۔فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، لیفٹیننٹ جنرل مشرا کے ہمراہ جی او سی سی آئی ایف (ڈیلٹا) اور جی او سی ایس آف اسپیڈز ڈویژن بھی موجود تھے۔ تینوں اعلیٰ فوجی افسران نے علاقائی سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران جی او سی نے راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں ایل او سی پر واقعہ اگلے مورچوں کا معائنہ کیا اور وہاں تعینات جوانوں کے حوصلے، تیاری اور نگرانی نظام کو سراہا۔بعد ازاں، انہوں نے ڈوڈہ ضلع کے بھدرواہ میں واقع کور بیٹل اسکول کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انسداد دہشت گردی کی تربیت میں مصروف فوجی جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، سخت ٹریننگ اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔فوجی حکام کے مطابق، یہ دورہ نہ صرف موجودہ سیکورٹی صورتحال کو سمجھنے کے لئے اہم تھا بلکہ آنے والے دنوں میں کسی بھی ممکنہ چیلنج کا مقابلہ کرنے کی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے کے لئے بھی مددگار ثابت ہوگا۔
جی او سی وائٹ نائٹ کور کا بھدرواہ اور راجوری کے ایل او سی علاقوں کا دورہ آفیسران نے انسداد دہشت گردی آپریشنز میں فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا
