نئی دہلی//وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج راجیہ سبھا کے رکن طورپر حلف لیا۔جیٹلی پچھلے مہینہ ہوئے راجیہ سبھا کے دوسالہ انتخابات میں اترپردیش سے راجیہ سبھا کے لئے منتخب ہوئے تھے ۔ ان کی گزشتہ مدت کار دو اپریل کو ختم ہوئی تھی۔ وہ مسلسل تیسری بار ایوان بالا کے لئے منتخب ہوئے ہیں۔نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیرمین ایم ونکیا نائیڈو نے جیٹلی کو سنسد بھون میں اپنے کمرے میں حلف دلایا۔ اس موقع پر پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد اور کئی دیگر معزز شخصیتیں بھی موجود تھیں۔جیٹلی بیمار ہونے کی وجہ سے دیگر نومنتخب اراکین کے ساتھ حلف نہیں لے سکے تھے ۔ نئی مدت کارمیں بھی انہیں ایوان کا لیڈر مقرر کیا گیا ہے ۔ گزشتہ مدت کار میں وہ گجرات سے راجیہ سبھا کے رکن تھے لیکن اس بار انہیں اترپردیش سے ایوان بالا میں بھیجا گیا ہے ۔گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں وہ پنجاب کی امرتسر سیٹ سے انتخابی میدان میں اترے تھے لیکن کانگریس کے امرندر سنگھ سے شکست کھا گئے تھے ۔یو این آئی ۔