عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی نے کہا ہے کہ ٹیلی کام سیکٹر کے جیو میں بھاری سرمایہ کاری کرنا ان کے کیریئر کا “سب سے بڑا جوکھم” تھا۔ اس وقت بہت سے تجزیہ کار اس کی کامیابی پر شکوک و شبہات کا اظہار کر رہے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان ایسی جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے لیے تیار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ “اگرچہ جیو میں سرمایہ کاری کسی وجہ سے متوقع فوائد نہیں دے سکتی ہے ، تب بھی اسے ہندوستان کو ڈیجیٹل بنانے کی طرف ایک بڑا قدم سمجھا جائے گا۔ امبانی نے میک کینسی اینڈ کمپنی کو انٹرویو دیتے ہوئے اس کا انکشاف کیا۔ریلائنس جیو میں سرمایہ کاری کا فیصلہ آسان نہیں تھا۔ “اس وقت، ہم اپنا پیسہ خود لگا رہے تھے اور میں خود اکثریت کا حصہ دار تھا۔ ہم نے بڑے خطرات مول لیے کیونکہ پیمانے ہمارے لیے بہت اہم تھے اور اہداف بھی بہت زیادہ تھے ۔5 جی ٹکنالوجی کے بارے میں بات کرتے ہوئے مکیش امبانی نے کہا کہ جیو کی 5جی ٹیکنالوجی کا پورا انفراسٹرکچر مکمل طور پر اندرون ملک تیار کیا گیا ہے ۔ ہم نے ہر جزو – کور، ہارڈویئر، سافٹ ویئر بنایا ہے ۔ ہم نے ایریکشن اور نوکیاکو صرف 20% میں شامل کیا ہے ، تاکہ ہم اپنے سسٹم کو عالمی معیار پر جانچ سکیں۔ میں نے اپنی ٹیم سے کہا، آپ کو ان سے بہتر ہونا پڑے گا، اور آج وہ ان سے بہتر ہیں۔