جاوید اقبال
مینڈھر//سنگیوٹ سے راجوری تک بس سروس گزشتہ چار دنوں سے بند ہے، جس کے باعث علاقے کے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جیو فائبر کیبل بچھانے کا کام جاری ہے، لیکن متعلقہ ٹھیکیدار نے غیر قانونی طور پر جے سی بی مشین استعمال کرکے سڑک کو بری طرح خراب کر دیا ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ یہ کام مزدوروں کے ذریعے ہونا چاہیے تھا، لیکن انتظامیہ کی غفلت کے باعث مشینوں کے ذریعے سڑک کی کٹائی کی جا رہی ہے جس نے راستے کو ناقابل استعمال بنا دیا ہے۔ عوام کے مطابق، رات کی تاریکی میں ٹھیکیدار کے ذریعے کام کرایا جا رہا ہے، جو کہ ناقابل برداشت اور غیر قانونی ہے۔سڑک کی خستہ حالی کے باعث مقامی لوگوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گاڑیوں کے پھنسنے اور روزمرہ کے سفر میں رکاوٹوں نے عوام کے لئے مسائل پیدا کر دئیے ہیں۔ سماجی کارکن اور یوتھ لیڈر عامر نے انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کئی بار متعلقہ حکام کو اس غیر قانونی کام کی شکایت کی گئی، لیکن کسی نے توجہ نہیں دی۔عامر نے کہا کہ ٹھیکیدار کے پاس ڈپٹی کمشنر راجوری کی اجازت ہے، جو قانونی طور پر غلط معلوم ہوتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ اس معاملے کی تحقیقات کے لئے ایک ٹیم تشکیل دیں، نقصان کا جائزہ لیں اور ٹھیکیدار کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔سنگیوٹ کے عوام نے ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ سے اپیل کی ہے کہ اس غیر قانونی کام کو فوری طور پر روکا جائے اور سڑک کی مرمت کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار سے نقصان کی بھرپائی کرائی جائے تاکہ سڑک کو جلد از جلد بہتر بنایا جا سکے اور ٹریفک بحال ہو سکے۔عوامی حلقوں نے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہوں اور ٹھیکیداروں کی غیر قانونی سرگرمیوں پر سخت کارروائی کی جائے۔ عوامی نمائندوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی بحالی کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔یہ معاملہ نہ صرف عوامی پریشانی کا باعث بن رہا ہے بلکہ انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بھی اٹھاتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ انتظامیہ عوام کی اس اپیل پر کب اور کیا کارروائی کرتی ہے۔