سرینگر//ممبر اسمبلی گریزنذیراحمد گریزی نے ایک ویڈیو کال کرکے گریز میں ریلائنس جیو انفوکام لمیٹیڈ کی خدمات کی شروعات کیں۔اس طرح ریلائنس جیو انفوکام لمیٹیڈ وہ پہلی مواصلاتی کمپنی بن گئی جس نے ریاست کے دورافتادہ اور موبائل فون کی بنیادی سہولیات سے محروم علاقے میں عوام کو موبائل فون کی سہولت فراہم کی۔ 4جی اور میگا براڈ بینڈ کے اس دور میں ابھی تک چاروں اطراف برف سے ڈھکے پہاڑوں سے گھری گریز وادی،جس کا چھ ماہ تک بیرونی دنیا رابطہ کٹارہتا ہے ،میں ایک ٹاور کے ساتھ ایک آپریٹر38000لوگوں کی خدمت انجام دے رہا تھا۔جیو نے لوگوں کو ڈیجٹل سہولیات فراہم کرنے کی جستجومیں گریز میں جدید طرزکا4جی نیٹ ورک معہ ہائی بینڈ وڈتھ قائم کرکے اس علاقے کے لوگوں کا دیرینہ خواب شرمندہ تعبیر کیا۔اونچے پہاڑی چوٹیوں جیسے رازدان ٹاپ جو سطح سمندر سے11000فٹ اونچا ہے ،پر موسم اورجغرافیائی سختیوں کو پار کرکے ابتدائی طور جیو نے خطے میں 3سروس سائٹس شروع کیں اور اس کے بعد سبھی 15سائٹس کو شروع کیا جائے گا۔اس طرح گریز میں تیزرفتار موبائل فون کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ سہولیات لوگوں کو اب بہم ہوں گی۔خوبصورت اور مسحورکن گریز وادی اب سیاحتی نقشے پر بھی آئے گااور سیاح اب یہاں ہائی سپیڈ نیٹ ورک کافائدہ اُٹھائیں گے۔