سرینگر// لبریشن فرنٹ نے مختلف جیلوں اور پولیس تھانوں میں مقید بزرگوں اور جوانوں کے خلاف جاری تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور دوسری فورسز نے جیلوں اور تھانوں میں مقید پڑے ہزاروں لوگوں کی زندگیوں کو اجیرن بنادیا ہے۔ کولگام پولیس تھانے میں پچھلے کئی ماہ سے بند رکھے گئے درجنوں افراد جن میں غلام محی الدین کوچھے ساکنہ کاڈر اور محمد رفیق احمد ڈار موہن پورہ بھی شامل ہیں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ یہ لوگ کئی ماہ سے پولیس تھانے میں رکھے جارہے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ اسی طرح شوپیان تھانے میں مقید زبیر احمد ترے کا معاملہ ہے جو ۴۱۰۲ءسے قید ہیں اور پچھلے کئی ماہ سے شوپیان تھانے میں رکھے جارہے ہیں۔ یاسین ملک نے کہا کہ جس بے ہنگم انداز میں پولیس اور فورسز کی ہڑبھونگ جاری ہے اسکی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔لبریشن فرنٹ نے اپنے مرحوم محمد اکبر وانی عرف مولوی اکبر کی برسی پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ ان شہداءکی قربانیاں کسی بھی صورت رائیگان نہیں جائیں گی۔ لبریشن فرنٹ کے ضلع صدر بانڈی پورہ سید نثار جیلانی نے ان شہداءکے گھر جاکر ان کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔