سرینگر//بھارتیہ جنتا پارٹی نے کہا ہے کہ وہ جیلوں میں بند کشمیری سیاسی قیدیوں کو رہا کر نے کے کسی بھی اقدام کی مخالفت کر یں گے۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں بند کو ئی سیاسی لیڈر نہیں بلکہ وہ ملک دشمن ہیں ۔بھاجپا کے ریاستی جنرل سیکریٹری اشوک کول نے بتایا کہ جیلوں میں بند افراد ملک دشمن لوگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ جیلوں میں بند ہیں، اُن کے جنگجوئوں کے ساتھ تعلقات ہیں اور یہ لوگ سیاسی قیدی نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھاجپا ان کی رہائی کے کسی بھی اقدام کی مخالفت کرے گی۔انہوں نے مزیدکہا کہ جیل میں بندکوئی بھی سیاسی لیڈر بی جے پی،این سی یا کانگریس سے وابستہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ علیحدگی پسندوں یا جنگجوئوں کی حمایت کرنے والوںکی بات کر تے ہو تو انہیں کیوں رہا کیا جائے گا،انہیں قانون توڑنے یا اسکی خلاف ورزی کر نے پر بند رکھا گیا ہے۔کول نے کہا ’’ہماری جماعت نے پہلی بار سنگ بازی میں ملوث افراد کو رہا کر نے کا خیر مقدم کیا ہے اور ہم ان کی مالی اور سماجی حالت سدھارنے کے اقدامات کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اور جنگجوئوں کو مدد کر نے والے افراد کو کیونکر کوئی سیاسی قیدی کہے اور ہم چاہتے ہیں کہ قانون اپنے حساب سے ایسے افراد کے خلاف نمٹے جو ملک دشمن سر گر میوں میں ملوث ہوں ۔(کے این ایس)