سرینگر //جمعہ کی رات شدید قسم کی ژالہ باری اور بارشوں سے دریائے جہلم کے پانی کی سطح16فٹ سے زائدہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے24گھنٹوں کے دوران وقفہ وقفہ سے ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارشوں کی پیش گوئی ہے ۔ وادی میں 2دن موسم کی خراب صورتحال اوربارشوں کی وجہ سے سنیچر کو رام منشی باغ میں دریائے جہلم کے پانی کی سطح نے خطرے کا نشان پار کر لیا ہے۔ارگیشن اور فلڈ کنٹرول کے ایگزیکٹیو انجینئر سرتاج سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ رام منشی باغ میں دریائے جہلم کی سطح سہ پہر16.40فٹ،سنگم14.30فٹ،اشم11.73ریکارڑ کی گئی ۔انہوںنے کہا کہ پانی کی سطح بڑنے کے پیش نظر دریائے جہلم کے دونوں کناروں پر رہائش پذیر لوگوں کو احتیاط تدابیر کرنے کی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے ۔اس دوران ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایک ہنگامی میٹنگ منعقد کی جس میں لاوڈا،سرینگر میونسپل کارپوریشن،محکمہ ڈرنیج،اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول اور پی ایچ ای سے وابستہ افسران نے شرکت کی ۔میٹنگ کے دوران سبھی محکموں کے افسران سے سیلابی صورتحال سے نمٹنے اور پوری مشینری متحرک رکھنے پر زو دیا گیا ۔ افسران کو ریت کے تھیلے تیار رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔