عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//پانپور میں دریائے جہلم میں کشتی اُلٹنے سے ایک کی موت ہوگئی اور دوکوبچایا گیا،جبکہ بارہمولہ میں نوجوان آبشار میں ڈوب گیا۔ بدھ کی صبح ضلع پلوامہ کے لتربل پانپور کے قریب ریت کھودنے والے3 افراد کو لیجانے والی کشتی جہلم میں اُلٹ گئی۔حکام نے بتایاکہ یہ افسوناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب یہ افراد ددوران شب ریت کھودنے کی کارروائیوں میں مصروف تھے۔2مزدوروں کو مقامی لوگوں اور ساتھی کارکنوں نے تیزی سے بچالیا، جب کہ تیسرے خورشید احمدبٹ ساکنہ چیک رنبیر پورہ دمہال ہانجی پورہ کولگام دریا میں ڈوب گیا۔ حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کشتی ریت کے زیادہ بوجھ اور پانی کے تیز دھارے کی وجہ سے غیر مستحکم ہو گئی۔ پولیس اور سٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور تلاش کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ادھر نمبلن ناروائو بارہمولہ میں حیدر پورہ کا 18سالہ طالب علم آبشار میں ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا۔مذکورہ طالب علم کی شناخت محمد عرفان ولد محمد یوسف راتھر کے طور پر ہوئی ہے جو 12ویں جماعت کا طلاب علم تھا۔ مذکورہ نوجوان اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ نہا رہا تھا س کے دوران وہ ڈوب گیا۔ بعد میں اسکے ساتھیوں نے ہی اسکی لاش بر آمد کی۔