یو این آئی
سرینگر// سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) اوڑی نے ہفتہ کو ضلعی انتظامیہ بارہمولہ اور نیشنل ہائیڈرو الیکٹرک پاور کاروپوریشن (این ایچ پی سی) کی طرف سے رپورٹس موصول ہونے کے بعد ایک ایڈوائزری جاری کی کہ دریائے جہلم کی پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ، جو تقریباً 630 کیومکس پر خارج ہو رہا ہے ۔حکام نے خبر دار کیا ہے کہ آنے والے گھنٹوں میں پانی کی مزید بڑھنے کی امید ہے جس کے نتیجے میں نشیبی علاقے متاثر ہوسکتے ہیں اور ان علاقوں کے لوگوں سے الرٹ رہنے اور احتاطی تدابیر کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ایس ڈی ایم کی طرف سے جاری ایک ایڈوائزری میں کہا گیا: ‘ضلع انتظامیہ بارہمولہ اور این ایچ پی سی -1 کی طرف سے موصولہ تازہ رپورٹس کے مطابق دریائے جہلم کی پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ، جو تقریباً 630 کیومکس پر خارج ہو رہا ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ یہ سطح آنے والے گھنٹوں میں مزید بڑھنے کا امکان ہے جس سے نشیبی علاقے متاثر ہوسکتے ہیں۔حکام نے ایڈوائزری میں کہا: ‘دریائے جہلم اور دیگر آبی ذخائر کے قریب کسی قسم کی نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ہائی الرٹ پر رہیں اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں’۔انتظامیہ نے رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ گھروں کے اندر ہی رہیں اور سرکاری انتباہات اور اپ ڈیٹس پر دھیان دیں۔انہوں نے ایمرجنسی کی صورت میں لوگوں کو فوری طور پر 112 ڈائل کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔