۔ 24گھنٹوں میں2سے 4فٹ کی کمی، عشم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر
سرینگر // دریائے جہلم میں سنگم اور رام منشی باغ کے مقام پر اتوار کو پانی کی سطح میںمتواتر کمی آئی اور اس طرح سیلاب کا خطرہ ٹل گیا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پہلے سے ہی یہ پیشگوئی کی ہے کہ وادی میں 2اور 3جولائی میں کچھ ایک علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجہ کی بارشیں ہو سکتی ہیں ۔سنیچر کی شام سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ہی جہلم اور دیگر کئی ندی نالوں میں پانی کی سطح میں کمی آنی شروع ہو گئی تھی تاہم جہلم میں سنگم اور رام منشی باغ میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر رہی جس کے بعد انتظامیہ نے لوگوں سے اگلے چوبیس گھنٹوں تک احتیاط برتنے کی تلقین کی تھی ۔ اتوار کو مطلع صاف رہنے سے پانی کی سطح میں بتدریج کمی واقعہ ہوتی رہی ۔سنیچرکی شام 7بجے سنگم بجبہاڑہ کے مقام پرجہلم میں پانی کی سطح 22.26فٹ ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم اتوارشام7بجے یہاں پانی کی سطح 15.81فٹ ریکارڈ کی گئی اور اس طرح پانی کی سطح میں24 گھنٹوں کے دوران 7فٹ کی کمی آئی ۔سرینگر میں رام منشی باغ کے قریب جہلم میں سطح آب سنیچر کو شام 7بجے تک 20.94فٹ تھی اوراتوار کو 7بجے یہاں پانی کی سطح 18.38 ریکارڈ کی گئی۔ اس طرح رام منشی باغ میں پانی کی سطح میں 2فٹ کے قریب کمی واقعہ ہوئی ۔محکمہ فلڈ کنٹرول حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جہلم اور دیگر نالوں میں پانی کی سطح میں کمی کے باعث وادی میںفی الحال سیلاب کا خطرہ ٹل گیا ۔انہوں نے کہا کہ اتوار دن کو ہی جہلم میں پانی کی سطح میں کمی آتی گئی اور اگرمزید بارشیں نہ ہوئیں تو پانی کی سطح میں مزید کمی آسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عشم میں شام دیر گئے تک پانی کی سطح ابھی بھی خطرے کے نشان سے اوپر تھی ،تاہم اُمید ہے کہ اگر موسم خوشگوار رہا تو اُس میں بھی کمی واقعہ ہو سکتی ہے ۔عشم میں شام 7بجے تک پانی کی سطح 13.8فٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ سنیچر کو وہاں پانی کی سطح 10.41فٹ تھی ۔سنیچر کو جن علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہو گیا تھا ،میں لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ جنوبی کشمیرکے کولگام اوراسلام آباداضلاع میں ابھی بھی متعدد دیہات زیر آب ہیں جبکہ کولگام میں کئی چھوٹے پُل بہہ جانے کے نتیجے میں ایک درجن سے زیادہ دیہات کازمینی رابطہ ضلع صدر مقامات سے کٹا ہوا ہے