سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل آفیسران کی ایک میٹنگ طلب کرکے دریائے جہلم اورفلڈ سِپل چینل میں ڈریجنگ کے کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر سرینگر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور،چیف انجینئر آبپاشی وفلڈ کنٹرول ،ایس پی (نارتھ) ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اورچیف کنزرویٹر فارسٹس کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔اس موقعہ پر آبپاشی وفلڈ کنٹرول کے انجینئروں نے بتایا کہ ریچ ڈریجنگ کمپنی نے سوپور میں 3لاکھ کیوبک میٹروں ،بارہمولہ میں 1.50کیوبک میٹروں اورپیرزو اورپنزی نارہ میں 3.30کیوبک میٹروں کی ڈریجنگ کی ہے۔جب کہ پنزی نارہ کا حصہ رواں ماہ میں مکمل ہوگا۔صوبائی کمشنر نے آبپاشی وفلڈ کنٹرول کے انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ ریچ کمپنی کو مکمل تعائون دیں تاکہ ڈریجنگ کے کام کا ہدف مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔انہوںنے فلڈ سپل چینل کی ڈریجنگ کا کام بھی ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے ریچ ڈریجنگ لمیٹیڈ کمپنی پر ہنگامی بنیادوں پر رات دن کام کرنے پر زوردیا تاکہ سرینگر کو مستقبل میں سیلاب کے امکانی خطرات سے بچایاجاسکے۔