ریاض احمدؕ
بارہ بنکی(اترپردیش)// جہاں چاہ ہو ،وہاں کوئی نہ کوئی راہ نکل ہی آتی ہے۔ایک ایسا پروگرام جو دیہی بھارت میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے متعارف کرایا گیا ہے ،کی وجہ سے اگر روزگار کے ساتھ ساتھ دیہات کا نقشہ بدل جائے تویہ سونے پہ سہاگا ہی قرار دیاجاسکتا ہے۔اتر پردیش میں بالکل ویسا ہی ہورہا ہے جہاں مہا تما گاندھی دیہی روزگار ضمانتی پروگرام(MNREGA) دیہی آبادی کیلئے روزگار کے مواقع پیدا تو کرہی رہا ہے لیکن ساتھ میں دیہات کا نقشہ بھی بدل رہا ہے ۔اتر پردیش کے بارہ بنکی ضلع میں اب تک منریگا کے تحت دیہات میں 40ایسے پارک تعمیر کئے گئے ہیں جو جدید سہولیات سے آراستہ ہیں ۔
برسر موقعہ مشاہدہ
وکست بھارت یاترا کے تحت جموںوکشمیر کے لکھنو اور بارہ بنکی کے دورے پر جموں وکشمیر کے13رکنی صحافتی گروپ نے بارہ بنکی کے تلیا گائوں میں ایک ایسی ہی پارک کا دورہ کیا جو شہر اور قصبوںمیں قائم کسی پارک سے کسی بھی لحاظ سے کمتر نہ تھی۔کم ازکم3کنال سے زائد اراضی پر پھیلی پارک تلیا گائوں کے مرکز میں قائم ہے اور مکمل دیواربندی کی گئی ہے جبکہ دیوار کو مختلف رنگوں سے سجایاگیا ہے۔پارک میں داخل ہوتے ہی اوپن ایئر جم ہے جہاں ہر عمر کے لوگ کثرت کرسکتے ہیں جس کے بعد پارک کو مختلف حصوں میں تقسیم کیاگیا ہے۔ پارک کے بیچ والے حصے میں دو فوارے نصب کئے گئے ہیں جبکہ آخیر پر ایک تالاب بھی ہے جہاں نہانے کا انتظام رکھاگیا ہے۔فوارے چالو حالت میں ہیں اور بجلی پر چلتے ہیں اور پارک کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیتے ہیں۔پارک کے مختلف خانوں میںمختلف قسم کے پھول اگائے گئے ہیں اور چلنے کیلئے پختہ فٹ پاتھ بھی بنائے گئے ہیں۔
گائوں کے لوگ خوش
یہ منریگاپارک گائوں کے بچوں کے چہروں پرمسکان لارہاہے۔ انتہائی خوبصورت اوردلفریب اس پارک میں بچوں کیلئے تمام تر سہولیات بہم پہنچائی گئی ہیں جبکہ پارک میں آنے والے گائوں کے ہرعمرکے مردوزن انتہائی پرسکون ماحول اورقدرتی نظاروں سے لطف اندوزہوتے اور اپنی دن بھر کی کام کاج کے تھکان کو ان نظاروں کی بدولت مٹادیتے ہیں۔صحافیوں کی ٹیم نے سدھور بلاک کے گرام پنچایت مامرکھاپورکے گائوں تلیا میں منریگا کے تحت بنائے گئے اس پارک کا بھی معائنہ کیا جہاں ہرعمرکے لوگ دیکھنے کوملے اوراُنہوں نے اس پارک کی تعمیرکوحکومت کی طرف سے انہیں ایک بہترین تحفہ قرار دیتے ہوئے بتایاکہ وہ یہاں اپنے ننھے منے بچو ں کے ہمراہ آتے ہیں اورخوب لطف اندوزہوتے ہیں۔یہاں بچو ں کے کھیلنے کاساماں اور فواروں کی دلکشی ہرکسی کواپنی جانب کھینچ لیتی ہے۔اس منریگاپارک کی تعمیرسے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ اگر محکمہ دیہی ترقی وپنچایتی راج میں کام کرنے والے بہترین آفیسران ہوں تویقینا خزانہ عامرہ کاصحیح اور پیداواری استعمال ہوسکتاہے اورایسے منصوبے اپنے آپ میں ایک مثال بن جاتے ہیں۔
حکام کہتے ہیں
۔اس پارک بارے جانکاری دیتے ہوئے ضلع بارہ بنکی کی چیف ڈیولپمنٹ آفیسر ایکتاسنگھ (آئی اے ایس)نے جموں وکشمیرسے آئے صحافیوں کوبتایا’’ گائوں واسیوں کوبہتر صحت مندماحول مہیاکرانے کیلئے
منریگاکنورجنس سکیم کے تحت 40لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیراس پارک نے گائوں کو اوربھی زیادہ حسین بنادیاہے‘‘۔اُنہوں نے بتایاکہ گائوں کے لوگ بھی صبح کو سیر ، شام کو گھومنے اورخاص طوپر سکول میں چھٹی کے دن بچوں کو کھیل کود اور گھمانا چاہتے ہیں۔ ایسے میں گائوں میں منریگاکے تحت یہ وسیع ودلکش پارک ضلع میں ایک مثالی قدم ہے جس کی عوامی سطح پرخوب پذیرائی ہورہی ہے‘‘۔انہوںنے کہا کہ منریگا کنورجنس سکیم کے تحت ضلع میں ایسے 40پارک بنائے گئے ہیں جہاں دیہی آبادی کی تفریح کا سامان میسر رکھاگیا ہے۔انہوںنے کہا کہ ضلع میں ایسے مزید پارک قائم کئے جائیں گے اور منریگا سکیم کو روزگار پیدا کرنے کے ساتھ دیہی زندگی بدلنے کیلئے بھی استعمال کیاجاتا رہے گا۔