عظمیٰ نیوزسروس
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نےراج بھون میں نوکار مہامنتر دیوس کی تقریب میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف شعبہ ہائے زِندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں، جین اِنٹرنیشنل ٹریڈ آرگنائزیشن کے ممبران، دیگر تنظیموں کے نمائندوں اور اعلیٰ حکام کو اس نوکار مہامنتر کی اِجتماعی شرکت کے لئے اِکٹھا ہونے پر مُبارک باد دی ہے۔اُنہوںنے کہا، ’’ہزاروں برسوںسے کئی اہم’ منتر‘ متلاشیوں اور عقیدت مندوں کی راہ میں رہنمائی کر رہے ہیں ۔ ان میں نوکار مہامنتر کی روحانی اثر اور تقدس منفرد ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ نوکار مہامنترجو کہ سب سے زیادہ قابل احترام اور عالمگیر منتر ہے، اندرونی تبدیلی کی ترغیب اور روحانی بیداری کو فروغ دیتا ہے۔اُنہوں نے کہا، ’’جہاں محبت اور ہم آہنگی ہو، وہیں خدا ہوتا ہے۔ یہی اصل طاقت ہے۔ اِنسان اُس وقت خدا کے قریب ترین ہوتا ہے جب اس کا دل نیک نیتی اور خیر سے لبریز ہو۔ میرا پختہ یقین ہے کہ محبت، ہم آہنگی، امن اور ہمدردی کسی بھی معاشرے کے سب سے قیمتی اثاثے ہیں۔ اِن خوبیوں سے بھرپور اِنسان ہی اِنسانیت کو بلند کرسکتا ہے ۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’میرا ماننا ہے کہ زِندگی کا حقیقی مطلب خود کو پہچاننے میں مضمر ہے۔ جب ہم خودکو پہچانتے ہیں تو ایک بات واضح ہوجاتی ہے کہ خدا نے یہ زِندگی چھوٹی چھوٹی چیزوں کے لئے نہیں دِی ہے بلکہ اس کے پیچھے ایک بڑا مقصد ہے اور وہ ہے سماج کی بے لوث خدمت اور تمام جانداروں کی بھلائی۔‘‘ایک عالمی اَقدام کے طور پر 108 سے زائد ممالک کے لوگوں نے امن اور عالمگیر ہم آہنگی کو فروغ دینے والے ’نوکار مہامنتر دیوس‘ کی تقریبات میں حصہ لیا۔ یہ موقعہ تمام اَفراد کو تزکیہ نفس، رواداری اور اِجتماعی بھلائی کی اَقدار پر غور کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ اِس موقعہ پر اے ڈِی جی پی آرمڈ پولیس آنند جین، شمالی ہندوستان کے مشیر جین انٹرنیشنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جے آئی ٹی او) راجیو جین، صدر ایس ایس جین سبھا پنکج جین،جنرل سیکرٹری ایس ایس جین سبھا سندیپ جین اور جے آئی ٹی او جموں و کشمیرکے نمائندے، سینئر اَفسران اور بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔