یوٹی خسارے میں، بجلی خریدنے کیلئے قرضہ بڑھ گیا، سولر انرجی پروجیکٹ سے مسئلہ حل ہوگا:لیفٹیننٹ گورنر
اشفاق سعید
سرینگر //لیفٹنٹ گورنر منوج سنہانے کہا ہے کہ مرکزی سرکار جموں وکشمیر کے بجلی ڈھانچہ کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور لداح میں سولر انرجی پروجیکٹ کی تعمیر کے بعد جموں وکشمیر میں بجلی کا مسئلہ کسی حد تک حل ہو سکتا ہے۔وادی میں بجلی بحران کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے جن علاقوں میں سمارٹ میٹر نصب ہیں اور جہاں سے سو فیصد بجلی کی بلیں وصول ہو رہی ہیں وہاں 24گھنٹے بجلی فراہم کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ ‘
راج بھون میں پریس کانفرنس کے دوران منوج سنہا نے کہا ’’ یہ سچ ہے کہ پچھلے تین برسوں میں بجلی کی ترسیل وتقسیم کے نظام میں کافی کام ہوا ، پہلے سے زیادہ لوگوں کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور یہ بھی سچ ہے کہ ہم خسارے میں ہیں اور ہمارا قرضہ بھی بڑھ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 7روپے بجلی خرید کر 1روپے 25پیسے میں بجلی فراہم کی جارہی ہے۔صارفین کو سبسڈی پر بجلی دی جارہی ہے،وہاں سے کتنا پیسہ ملتا ہے وہ سب جانتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر سرکار نے پہلے مرحلے میں جموں اور سرینگر شہروں میں میٹرنگ کا عمل شروع کیا اور دوسرے مرحلے میں دیگر قصبوں میں یہ کام مکمل کر کے لوگوں کو بہتر بجلی سپلائی فراہم کی جائے گی ۔ سنہانے کہا کہ میں صارفین کو یقین دلاتا ہوں کہ جو بھی میٹر سے بل آئے گی وہ صحیح ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ ہماری یہ کوشش ہے کہ جن فیڈرس کو 100فیصد سمارٹ میٹرس سے جوڑ دیا گیا ہے وہاں کم سے کم بجلی کٹوتی ہو ،اور ہم یہ کوشش بھی کر رہے ہیں ، کہ میٹرڈ علاقوں میں جہاں 100فیصد بلیں وصول ہو رہی ہیں، وہاں 24گھنٹے بجلی فراہم کی جائے ۔منوج سنہا نے کہا کہ اب مرکزی سرکار لداخ میں ایک سولر انرجی پارک کی تعمیر کر رہی ہے جس سے جموں وکشمیر کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر حصوں کو بھی فائدہ ہو گا ۔ایل جی نے کہا کہ لداخ کے جغرافیائی حالات اور مٹی کی جانچ کو مدر نظر رکھ کر اس منصوبے کو منظوری ملی ہے۔اس میں ایک ترسلی لائن بھی بچھائی جائے گی جو لداخ کو آلسٹینگ کے ساتھ جوڑے گی جس سے کشمیر کے لوگوں کو بجلی فراہم ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ اس لائن کی تعمیر کے بعد وادی میں بجلی کٹوٹی بہت کم ہو جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ لداخ سے کشمیر کیلئے ایک الگ 400کے وی کی ترسلی لائن بنانے کیلئے بھی مرکزی سرکار سے بات چیت جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ آلسٹینگ گرڈسٹیشن کو میر بازار کے ساتھ جوڑنے کا کام بھی تیزی کے ساتھ چل رہا ہے ۔جبکہ جموں وکشمیر کے دیگر گرڈ سٹیشنوں کو بھی ایک دوسرے کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے ۔