سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیرا حمد خان کی صدارت میں آفیسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں جہانگیر چوک۔رامباغ فلائی اوور کی تعمیر سے متاثر ہوئے دکانداروں کی با زآبادکاری کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر ارا،کمشنر ایس ایم سی، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ،اسسٹنٹ کمشنر نزول،اسسٹنٹ کمشنر سینٹرل اورمحکمہ پولیس کے آفیسران کے علاوہ متاثرہ دکاندار اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ ارا نے جہانگیر کمپلیکس کی تعمیر کی ہے جس میں 152دکانوں کی گنجائش ہے۔اس کمپلیکس کوایس ایم سی کو سونپا گیا ہے تاکہ یہ دکانیں ان دکانداروں کو الاٹ کئے جاسکیںجن کے معاملات کو ہائی لیول کمیٹی نے حتمی شکل دی ہے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ جہانگیر کمپلیکس میں کئی لوگوں نے غیر قانونی طور دکانوں پر اپنا قبضہ جمایا ہے جو کہ صرف اُن دکانداروںکے لئے مخصوص ہیں جو جہانگیر چوک رام باغ فلائی اوور کی تعمیر سے متاثر ہوچکے ہیں۔صوبائی کمشنر نے ایس ایم سی کو یہ دکانیں خالی کروانے اورانہیں صرف متاثرہ دکانداروں کو الاٹ کرنے کی ہدایت دی ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی کمشنر کمپلیکس میں غیر قانونی طور دکانوں پر قبضہ جمانے والوں کو ہٹانے کی کارروائی کا بذات خود جائزہ لیں گے۔