عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لالچوک اور اسکے ملحقہ بازاروں کی سرینگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت تزئین و زیبائش کے بعد اب سرینگر میونسپل کارپوریشن دیگر بازاروں اورچوراہوں اور سڑک رابطوں کے علاوہ سیاحتی مقامات کی نوک وپلک سنوارنے میں جٹ گئی ہے ۔
اس پروجیکٹ کے تحت اب معروف خواتین بازار گونی کھن کے علاوہ مہاراج بازار ،ہری سنگھ ہائی سٹریٹ اور صرافہ مارکیٹ کے علاوہ جہانگیر چوک کو سمارٹ طرز پر فروغ دینے کیلئے کام شروع ہوچکا ہے ۔ ایس ایم سی کمشنراطہر امین جو سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے سی ای او بھی ہیں ،نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر گونی کھن،ہری سنگھ ہائی سٹریٹ اور جہانگیر چوک و فورشور ڈل جھیل کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے تحریر کیا کہ اب ان مقامات کو سمارٹ طریقے سے فروغ دیا جارہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ’’جہانگیر چوک شہر کے مصروف ترین اور نازک ترین جنکشنز میں سے ایک ہے۔ سی ای او نے لکھا کہ گونی کھن مارکیٹ سب سے زیادہ دیکھی جانے والی مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔ گونی مارکیٹ ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ پر کام سمارٹ پروجیکٹ کے تحت شروع ہو گیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ امیراکدل پل کے ساتھ نئے پیدل چلنے والے پل کی ترقی، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ اور جہانگیر چوک جنکشن امپروومنٹ پروجیکٹ پر بھی کام شروع ہوگیا ہے۔اطہر امین نے لکھا کہ نشاط سے حبک تک 5.1 کلومیٹر طویل لیک فرنٹ سرینگر اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت ہمارے سب سے اہم پروجیکٹوں میں سے ایک ہے۔ کام مکمل ہونے کے قریب ہے اور ہمیں امید ہے کہ اگلے 40سے50 دنوں میں اسے کھول دیا جائے گا! یہ شاید سری نگر شہر میں ہمارے بہترین منصوبوں میں سے ایک ہے۔ آپ چل سکتے ہیں، سائیکل چلا سکتے ہیں، بیٹھ سکتے ہیں، کافی کا گھونٹ لے سکتے ہیں اور ڈل جھیل کے سب سے قدیم حصے یعنی حضرت بل طاس سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔