سرینگر/ریاست کے گرمائی دارلحکومت سرینگر میں ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے بدھ کو جہانگیر چوک۔رامباغ فلائی اُوور کے دوسرے حصے کا افتتاح کرکے اس کو ٹریفک کیلئے کھول دیا ۔اس موقع پر کئی اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔
حکام کے مطابق مذکورہ فلائی اُوور کا پہلا حصہ ایک سال قبل شروع ہوا تھاتاہم اس کا دوسرا حصہ آج ٹریفک کیلئے کھولا گیا۔
انہوں نے کہا کہ فلائی اُوور کے تیسرے اور آخری حصے کو ماہ جون میں ٹریفک کیلئے کھولا جائے گا۔
اس فلائی اُوور کی تعمیر کا آغاز اکتوبر2013کو ہوا تھا اور یوں پانچ سال میں سرینگرمیں اپنی نوعیت کا اب تک کا یہ سب سے بڑا پروجیکٹ کم و بیش مکمل ہوگیا ہے۔
آج جس حصے کا افتتاح ہوا، وہ رامباغ سے آلوچی باغ تک1.04کلومیٹر پر مشتمل ہے اور اس پر37.5کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔
حکام کے مطابق فلائی اُوور کا یہ حصہ شروع ہونے سے گاڑیوں کیلئے 15منٹ کا سفر محض ایک منٹ میں طے ہوگا اور لالچوک جانے والی گاڑیوں کیلئے بہت ہی آرام دہ ثابت ہوگا۔
حکام کے مطابق اس سے علاقے میںروز مرہ کے ٹریفک جام سے بھی کافی حد تک راحت ملے گی۔