جھیل ڈل کے ارد گرد سیاحوں کیلئے بائیسکل سروس شروع کی جائے گی: آسیہ نقاش

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
 سرینگر//مکانات و شہری ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے کہا ہے کہ حکومت جھیل ڈل کے ارد گرد اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سیاحوں کے لئے ماحول دوست بائیسکل خدمات شروع کر رہی ہے ۔لاوڈا کے کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر موصوفہ نے کہا کہ سیاح جھیل ڈل کے ارد گرد گھومنے کے ساتھ ساتھ برزہامہ کے تواریخی مقامات ، گاسو گائوں جسے سٹرابری بول کہا جاتا ہے ، داچھی گام وائیلڈ لائف سینچری ، دھنہ ہامہ ،تیل بل ،مل پھاگ اور دیگر علاقوں کی بھی سیر کرسکتے ہیں تاکہ ان علاقوں کو بھی سیاحتی نقشے پر لایا جاسکے ۔وزیر موصوفہ نے وی سی لاوڈا کو ہدایت دی کہ ڈل کے ارد گرد ایسے مقامات کی نشاندہی کریں جہاں ماحولیات دوست ٹرانسپورٹ سہولیات بہم رکھی جائیں گی۔موصوفہ کو جانکاری دی گئی کہ جھیل ڈل سے گھاس پھوس نکالنے کاکام شد و مد سے جاری ہے اور جھیل کے 132 مقامات پر لگ بھگ 1100 افراد کو کام پر لگایا گیا ہے۔آسیہ نقاش نے لاوڈا سے کہا کہ وہ مشترکہ سروس کر کے شالیمار علاقے میں خواتین کے لئے سبزیوں کے مارکیٹ اور فشرمین کالونی میں مچھلی بازار کے لئے جگہ کی نشاندہی کریں تاکہ علاقے کے لوگ اپنی اشیاء کو آسانی سے فروخت کرسکیں۔وزیر نے تیل بل نالہ ، بٹہ کول ، وانی ہامہ اور ناربل بٹہ پورہ نالوں کی ڈریجنگ کے ٹینڈرنگ عمل کا بھی جائزہ لیا ۔انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ ڈریجنگ کا کام ان علاقو ں میں فوری طور شروع کریں تاکہ ان آبی ذخیروں کو وسعت مل سکیں۔ دریں اثناء حضرت بل حلقے میں ہاتھ میں لئے گئے سڑکوں اور پلوں پر ہو رہی پیش رفت کا جائزہ لینے کے دوران وزیر موصوفہ نے کہا کہ سڑک رابطوں کو ترقیاتی منظر نامے میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔آسیہ نقاش اس دورا ن جانکاری دی گئی کہ گوسو ۔ شلنار سڑک ، تیل بل ۔ وانگنڈ پل اور شانپورہ پل پر کام شد ومد سے جاری ہے اور انہیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *