سرینگر// جھیل ڈل میں پانی کی سطح بڑھ جانے کی وجہ سے جہاں ڈل میں رہائش پذیر درجنوں کنبوں نے نقل مکانی کی ہے وہیں بیلوارڈ پر پانی ہی پانی نظر آرہا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی آواجاہی میں خلل پڑا ْ۔گذشتہ دنوں سے رات کے دوران تیز بارشوں کے بعد ڈل جھیل میں سطح آب کی صورتحال جوں کی توں ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہی دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ ڈل جھیل کے اندرون رہائش پذیر لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ کئی رہائشی علاقے زیر آب آگئے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق درجنوں کنبوں نے سطح آب میں اضافہ اور رہائشی مکانوں میں پانی گھسنے کے بعد نقل مکانی شروع کر دی ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق ڈل جھیل میں یکایک سطح آب میں اضافہ ہونے کے نتیجے میں جہاں سبزیوں کو شدید نقصان پہنچا وہیں پانی رہائشی مکانوں کے اندر بھی داخل ہوچکا ہے جس کے نتیجے میں وہ اضطراب میں مبتلاء ہوگئے ہیں