عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جھیل ڈل میں ہفتے کی علی الصبح آگ کی ایک بھیانک واردات میں پانچ ہاوس بوٹ سمیت 10رہائشی ڈھانچے خاکستر ہو گئے جبکہ بنگلہ دیش کے 3سیاح بھی آگ کی شعلوں کی نذر ہوگئے تاہم 8سیاحوں سمیت دیگر افراد کو بچا لیا گیا۔ ضلعی ترقیاتی کمشنر اعجاز اسد نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور وہاں آگ متاثرین کو یقین دلایا کہ ان کی ہر طرح سے مدد فراہم کی جائے گی۔پولیس نے بتایا کہ جھیل ڈل میں گھاٹ نمبر 9 کے نزدیک ہفتے کی علی الصبح قریب سوا 5بجے ایک ہاوس بوٹ میں آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے متصل واقع مزید ہاوس بوٹوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوںنے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں قریب نصف درجن ہاوئس بوٹ خاکستر ہوئے۔ان کا کہنا ہے کہ ان ہاوس بوٹ مالکان کو کروڑوں روپیوں کا نقصان ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی حکام نے بتایا کہ ہاوس بوٹوں میں یہ آگ ہفتے کی صبح کے قریب پانچ بجے لگ گئی۔انہوں نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں 5 ہائوس بوٹ اور 10 سے 15 رہائشی ڈھانچے خاکستر ہوگئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آگ کو بجھانے کے لئے 8 گاڑیوں کو استعمال میں لایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ انتھک کوشش کے بعد آگ کی اس واردات پر قابو پایا گیا۔ادھر این ڈی آر ایف کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جھیل ڈل میں آگ کی واردات رونما ہونے کے بعد ٹیم نے سرچ آپریشن شروع کیا جس دوران تین لاشیں برآمد کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ آگ کی اس ہولناک واردات کے بعد مذکورہ تین غیر مقامی سیاح لاپتہ ہو گئے تھے جنہیں بعد ازاں پانی سے نکالاگیا۔بعد میں لاشوں کی شناخت انین دیا کوشل،داس گپتا اور محمد معیند کے طور پر ہوئی ہے جو بنگلہ دیشی سیاح تھے۔انکا مزید کہنا تھا کہ8افراد، جن میں کچھ سیاح بھی شامل تھے، کو بچالیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جس مقام پر ہاوس بوٹ خاکستر ہوئے اور وہاں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ محمد اعجاز اسد نے کہا ہے کہ سرینگر کے جھیل ڈل میں ہفتے کی صبح ہاوس بوٹوں میں لگی آگ کے دوران کئی سیاحوں کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کو معاوضہ دیا جائے گا اور سردی کے پیش نظر ان کو ضروری سامان فراہم کیا جائے گا۔ضلع مجسٹریٹ نے جائے واردات کا دورہ کرنے کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آگ کی اس ہولناک واردات میں 5 ہاوس بوٹ خاکستر ہوئے اور ان کے متصل رہائشی ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچا ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی ایس ڈی آر ایف، پولیس اور فائر ٹنڈرس نے مل کر آگ کو قابو میں کر لیا اور اس کو مزید پھیلنے سے روک لیا۔ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ متاثرین کو معاوضہ دیا جائے گا اور سردی کے پیش نظر ان کو ضروری سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔
جانی نقصان پر ایل جی کا اظہار دُکھ
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے سرینگر کی ڈل جھیل میں آتشزدگی کے افسوس ناک واقعہ میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ سنہانے کہا ’’ میں سرینگر کی ڈل جھیل میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعے کی وجہ سے جانی نقصان سے بہت دُکھی ہوں ، سوگوار خاندانوں سے میری دلی تعزیت، میں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ افراد کو تمام ضروری مدد فراہم کی جائے ۔ ‘‘