سرینگر//شہرۂ آفاق جھیل ڈل کی عظمت رفتہ کوبحال کرنے کی ایک غیر معمولی کوشش کے تحت جے اینڈ کے لائوڈا نے افرادی قوت اورمشینوں کو بروئے کار لاکر جھیل ڈل سے گھاس پھوس اورکنول ہٹانے کے لئے خصوصی مہم کا آغاز کیا۔صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے جھیل ڈل میں اوبرائے گھاٹ سے جھنڈی دکھاکر مہم کی شروعات کی ۔وائس چیرمین لیکس اینڈ واٹرویز اتھارٹی ڈاکٹر اے ایچ شاہ اور لائوڈا کے انجینئروں کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔صوبائی کمشنر نے جھیل ڈل میںگھاس پھوس ہٹانے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا اس قدم سے جھیل ڈل کی شان رفتہ کو بحال کرنے میں مدد ملے گی اوریہ سرکار کی اولین ترجیح ہے۔انہوںنے کہا کہ جھیل ڈل ہمارا تاریخی ورثہ ہے اورہم سب پر یہ ذمہ داری ہے کہ اس کی حفاظت کی جائے تاکہ یہ انمول اثاثہ سیاحوں کے لئے مزید باعث کشش بن سکے۔وی سی لائوڈا نے کہا کہ جھیل کی صفائی کے لئے 200مزدور،100کشتیاں اورکئی مشینیں کام پرلگائی گئی ہیں۔