سرینگر// حریت (گ)نے اینفور سمنٹ ڈائیرکٹریٹ (ای ڈی)کی طرف سے تنظیم کے چیئرمین سید علی گیلانی کو 15سال پرانے کیس میں نوٹس بھیجنے کو بلاجواز اور متعصبانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے تحریک حریت، گیلانی اور ان کے نزدیکی ساتھیوں کو ہراساں اور تنگ طلب کرنے کی ایک منصوبہ بند مہم شروع کر رکھی ہے، تاکہ ان کی عوامی ساکھ کو نقصان پہنچایا جائے اور انہیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے مبنی برحق موقف سے دستبردار ہونے پر مجبور کیا جاسکے۔ حریت کے مطابق 2002ء کے چھاپے میں سید علی گیلانی کے گھر سے کوئی فارن کرنسی برآمد نہیں ہوئی تھی اور اس حقیقت سے مذکورہ ادارہ کو تحریراً آگاہ کیا ہے اور گیلانی کے وکیل اس سلسلے میں وہاں بنفسِ نفیس پیش بھی ہوئے ہیں۔ اتوار کو جاری بیان میں حریت ترجمان نے کہا کہ سید علی گیلانی ، ان کے ساتھیوں اور ان کی تنظیم کا تنازعہ کشمیر کے حوالے سے ایک واضح موقف ہے اور وہ اس مسئلے کو عوامی امنگوں اور خواہشات کے مطابق پُرامن طریقے سے حل کرانے کے خواہشمند اور متمنی ہیں۔ بھارتی حکمرانوں نے گیلانی اور ان کے دیگر ساتھیوں پر ہر طرح کا عتاب اور عذاب آزما کر انہیں اپنے موقف سے دستبردار کرانے کی کوشش کی ہے، البتہ انہیں اس سلسلے میں آج تک کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے اور نہ ایسا آئندہ ممکن ہے۔ ترجمان نے کہا کہ 2002ء میں گیلانی اور ان کے رشتہ داروں پر انکم ٹیکس کے چھاپوں کا مقصد بھی یہی تھا کہ جعلی اور من گھڑت کہانیاں گڑھ کر اپنے منہ زور میڈیا کے ذریعے تشہیر دے کر کردار کُشی کی ایک منظم کارروائی انجام دی جائے۔ آج 15سال کے طویل عرصے کے بعد پھر ایک بار ایجنسیوں کے ذریعے عتاب کے ایک نئے سلسلے کی شروعات ہورہی ہیں۔ حریت نے واضح کیا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے گیلانی جیسے اوللعزم قائد کے پائے استقلال کو ڈگمگانے کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔ گیلانی نہ ایسی گیڈر بھبھکیوں سے ڈرنے والے ہیں اور نہ ہی جیل اور عقوبت خانوں کا خوف ان کو اپنے موقف سے پیچھے ہٹا سکتا ہے۔ انہوں نے بھارتی سامراج کے بدترین انٹروگیشن سیلوں میں اپنی ہمت، اپنے عزم اور حوصلہ کا لوہا منوایا ہے۔ حریت نے واضح کیا کہ EDکی نوٹس دفتر پہنچنے سے پہلے ہی میڈیا کو بیج دی گئی تھی، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ میڈیا ٹرائل کے ذریعے گیلانی صاحب کو زیر کرنے کی کوششیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا یہ کیس Income Taxمحکمے کے پاس پچھلے 15سال سے چل رہا ہے، اس کے باوجود EDنے نوٹس جاری کردئے۔ حریت نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ بھاجپا کے ترجمان بھارتی میڈیا ان کی بے لگام ایجنسیاں، ان کی سفاک فوج اور ان کے مقامی دم چھلے چاہے کچھ بھی کریں، وہ ہمیں اپنے مبنی بر صداقت موقف سے دستبردار ہونے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ ہم اپنے عوام کی بے مثال قربانیوں کو کسی بھی حال میں رائیگان نہیں ہونے دیں گے۔