رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے جھنگڑ چوک میں میونسپل کمیٹی کی طرف سے تعمیر کیا گیا بیت الخلا اپنی خستہ حالت کی وجہ سے شہریوں کے لئے ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ بیت الخلا میں نہ صرف صفائی کا انتظام نہ ہونے کے باعث گندگی کا ڈھیر لگا ہوا ہے بلکہ پانی کا انتظام بھی انتہائی ناقص ہے، جس کی وجہ سے مرد و خواتین دونوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مذکورہ بیت الخلا کی حالت اتنی خراب ہو چکی ہے کہ وہاں پیشاب کرنے کے لئے لوگ بھی نہیں جاتے۔ گندگی اور بدبو کی وجہ سے اس علاقے میں کام کرنے والے دکانداروں کو بھی مسائل کا سامنا ہے، کیونکہ اس بیت الخلا کے بالکل سامنے کئی دکانیں ہیں اور ان کے کاروبار پر برا اثر پڑ رہا ہے۔سب سے زیادہ پریشانی خواتین کو ہو رہی ہے، کیونکہ ان کے لئے بیت الخلا کا استعمال ضروری ہوتا ہے، لیکن پانی کی عدم فراہمی اور صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے یہ سہولت ان کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہی ہے۔دکانداروں نے کئی بار میونسپل کمیٹی کے حکام اور ملازمین سے درخواست کی ہے کہ وہ اس مسئلے کو حل کریں اور پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صفائی کا مناسب انتظام کریں، مگر اب تک اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔علاقے کے مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پانی کا انتظام کیا جائے اور صفائی کا معیار بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو پریشانی سے نجات مل سکے۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی کے حکام سے اپیل کی ہے کہ عوامی سہولت کے پیش نظر اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔