جموں// شہرکے نواح میں نگروٹہ کے گائوں جگٹی ٹانڈہ کے لوگوں نے کہاہے کہ محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے نہایت کم وقت کیلئے پانی سپلائی کیاجاتاہے جس کی وجہ سے پانی کی درکارمقدار انہیں مہیانہیں کی جارہی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ جگٹی ٹانڈہ میں لگ بھگ ایک سوکنبے آج بھی پانی کے کنکشن سے محروم ہیں جس کی وجہ سے انہیں سخت پریشانیوں کاسامناکرناپڑرہاہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای پرالزام عائدکیاہے کہ وہ جگٹی ٹانڈہ گائوں میں پانی کی بہترڈھنگ سے سپلائی کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہرنہیں کرتاہے یہی وجہ ہے کہ نہایت کم وقت کے لئے پانی سپلائی کیاجاتاہیجوکہ عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔لوگوں نے کہاکہ متعلقہ محکمہ کے آفیسران کوکئی بارگذارشات کی گئیں کہ وہ پانی سپلائی کے اوقات میں اضافہ کرے لیکن اس کے باوجودمحکمہ کے آفیسران ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں۔ انہوںنے مزیدکہاکہ اکیسویں صدی میں بھی گائوں کے ایک سوکنبے پانی کانلکانہ ہونے کی وجہ سے کئی میل سے پانی لانے پرمجبورہیں۔