عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پُرعزم ہے کہ لوگوں کے مسائل کو نہ صرف سنا جائے بلکہ ان کا ازالہ بھی کیا جائے ۔انہوںنے کہا ’’ ہماری حکومت لوگوںکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے قابل رسائی اور جوابدہ ہے اور ہماری ترجیح حکمرانی کو عام لوگوں کی دہلیز تک پہنچانا ہے‘‘۔وزیر موصوفہ پیر کو نالہ بل نوشہرہ میں جڈی بل حلقہ انتخاب کیلئے جائز ہ میٹنگ و عوامی شکایات ازالہ کیمپ سے خطاب کررہی تھیں۔ سکینہ ایتو نے لوگوں کو یقین دِلایا کہ ان کے مسائل اور شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انہوںنے ایک شفاف اور جوابدہ نظام کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا جہاں شہریوںکی بات سنی جائے اور اُن کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا’’ ہماری حکومت عوامی حکومت ہے اور ہم اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود سے متعلق ہر مسئلے اور شکایت کو حل کرنے کے لئے پُرعزم ہیں‘‘۔انہوںنے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے متعلقہ محکموں کے کیمپ کے دوران اُٹھائے گئے مسائل کو مؤثر طریقے سے نمٹائیں اور ان کے بروقت ازالے کیلئے بھرپور کوششیں کریں۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ پر بھی زور دیا کہ وہ علاقے کے کسی بھی ترقیاتی منصوبے کے لئے پہلے ہی مقامی نمائندوں سے مشاورت کریں ۔وزیرموصوفہ نے متعلقہ پی ایچ سی میں مناسب عملہ تعینات کرنے کے لئے افسران پر زور دیا تاکہ لوگوں کو مناسب طبی امداد مل سکے۔ انہوں نے ڈائریکٹر ہیلتھ سے کہا کہ وہ ضرورت کے مطابق علاقوں میں موبائل طبی سہولیت کی فزیبلٹی کا جائزہ لیں۔انہوںنے کیمپ کے دوران افسران سے کہا کہ وہ اِس کیمپ سے قیمتی آرأ حاصل کریں کیونکہ اس سے ہماری کمیونٹی کو درپیش مسائل کو سمجھنے میں مدد ملے گی اور اس کے لئے ٹھوس بہتری لانے کی کوششیں کی جائیں گی۔اس موقع پر ایم ایل اے جڈی بل تنویر صادق نے بھی اجتماع سے خطاب کیا اور حلقہ کے مسائل وزیر کی نوٹس میں لائے۔ کیمپ میں جڈی بل حلقہ کے مقامی باشندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے اس موقعہ کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اَپنے مسائل کا اظہار کیا اور اس کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، ڈائریکٹر سماجی بہبود کشمیر، وائس چیئرمین ایل سی ایم اے، ڈائریکٹر آرکائیوز اینڈ آرکیالوجی، جوائنٹ ڈائریکٹر سکولی تعلیم کشمیر، جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی، مختلف وِنگوں کے سپراِنٹنڈنگ انجینئروں، مختلف لائن ڈیپارٹمنٹوں کے سیکٹورل اَفسران اور دیگر متعلقہ افسران بھی جائزہ میٹنگ و عوامی شکایات اَزالہ کیمپ میں موجود تھے۔