سرینگر//فوج نے لیتہ پورہ اونتی پورہ میں سی آر پی ایف قافلے پر حملے میں ملوث جیش محمد کے لیڈروں اور منصوبہ سازوں کو100گھنٹوں میں ہلاک کرنیکا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ کہا یہ حملہ’’ پاکستانی فوج اور سراغ رساں ایجنسی’’آئی ایس آئی‘‘ کے متحرک تعاون سے کیا گیا‘‘۔فوج کے15ویں کور کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل کے ایس ڈھلون نے کہا کہ کشمیر میں جو بھی بندوق اٹھائے گا،اسکو مار گرایا جائے گا،جب تک کہ وہ خود سپردگی نہ کریں۔ جنرل ڈھلون نے بادامی باغ فوجی ہیڈ کوارٹر میں آئی جی سی آر پی ایف آپریشنر ذوالفقار حسین اور آئی جی پی ایس پی پانی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سی آر پی ایف پر خطرناک حملے کے100گھنٹوں میں ہی انسداد جنگجویت محاذ پر سرگرم فوج،سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے جیش محمد کے ان لیڈروں کو جاں بحق کیا،جو پلوامہ حملے کے منصوبہ ساز اور رہنما تھے۔ اپنے بچوں کو عسکری صفوں سے واپس بلانے والے والدین کے کلیدی کردار کی سراہنا کرتے ہوئے لیفٹنٹ جنرل کے ایس ڈھلون نے جنگجوئوں کے صفوں میں شمولیت کرنے والے نوجوانوں کے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو واپس بلا کر قومی دھارے میں لائیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ پنگلنہ جھڑپ میں فوج کو جنگجوئوں کے مقابلے میں کیوں زیادہ نقصان کا سامنا اٹھانا پڑا تو انہوں نے کہا’’ ہم جائے جھڑپ پر کسی بھی قسم کی شہری ہلاکتیں نہیں چاہتے تھے،جس کے نتیجے میں ہمیں مزید ہلاکتوں کا سامنا کرنا پڑا‘‘۔چنار کور کے کمانڈر نے کہا’’ ہمارے کمانڈر محاذ پر صف اول پر تھے،اور یہی وجہ ہے کہ ہمارے اعلیٰ افسران زخمی ہوئے،تاہم انہوں نے کہا کہ جنگجوئوں کی بھرتی میں گزشتہ کئی ماہ سے کافی کمی واقع ہوئی ہے،جبکہ کئی کنبوں کے تعاون سے کئی بچے عام زندگی میں واپس لوٹ آئے ہیں۔ریاست میں جنگجو تحریک کے ہمدردوں کو سخت دھمکی دیتے ہوئے ڈھلون نے کہا’’ کشمیر میں جو بھی بندوق اٹھائے گا،کو ختم کیا جائے گا،یہاں تک کہ وہ خود سپردگی نہ کریں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ برفباری کا فائدہ اٹھا کر اس موسم سرما میں بین الاقوامی سرحد بشمول سانبہ،ہیرانگر اور پٹھانکوٹ میں کئی دراندازیاں ہوئیں۔ ڈھلون نے اس بات کو مسترد کیا کہ فوج لوگوں کو جنگجوئوں کے صفوں میں جانے کیلئے مجبور کرتی ہے۔انہوں نے کہا’’یہ پرپگنڈا ہے کہ ہم لوگوں کو جنگجوئوں کے صفوں میں شامل ہونے کیلئے مجبور کرتے ہیں‘‘۔ بیرون ریاستوں میں مقیم تاجروں ،طلاب اور دیگر کشمیری شہریوں کو نشانہ بنانے کی رپورٹوں کے بیچ سی آر پی ایف کے آئی جی آپریشنز ذوالفقار حسین نے کہا کہ بیرون ریاستوں میں زیر تعلیم طلاب کو متعلقہ حکام خیال رکھ رہے ہیں۔